تعمیرات میں سن لائٹس کادیدہ زیب استعمال

August 30, 2020

نئے گھر یا عمارت کی تعمیر کے وقت گھر کو قدرتی روشنی سے منور کرنے کے لیے اسکائی لائٹس کا استعمال ایک منفرد اور ذہانت مندانہ اقدام سمجھا جاتا ہے۔ دن کے وقت سورج کی روشنی کو گھر میں مدعو کرنے کے لیے اسکائی لائٹس کا استعمال ناصرف مؤثر رہتا ہے بلکہ یہ گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافے کا باعث بنتی ہیں۔ مزید برآں، اسکائی لائٹس کے لیے مارکیٹ میں کئی ڈیزائن کے منفرد اور دلکش مٹیریل موجود ہیں، تاہم اسکائی لائٹس کے لیے سب سے زیادہ شیشے کا ہی استعمال کیا جاتا ہے۔

صنعتی انقلاب نے ناصرف شیشے کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے، بلکہ بڑے پیمانے پر پیداوار کے باعث شیشے کی قیمتیں بھی مناسب سطح پر ہیں، جسے خریدنے کی سکت تقریباً ہر خاندان رکھتا ہے۔ قدرتی روشنی حاصل کرنے کے لیے، شیشے کا استعمال اسکائی لائٹس کے علاوہ کھڑکیوں میں بھی کیا جاتا ہے جبکہ اگر گھر کا ڈیزائن اجازت دے اور ضرورت محسوس ہو تو خوبصورت ڈیزائن اور مضبوط ساخت کے شیشے کو دیوار میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

آج کے دور میں جدید ٹیکنالوجی کی بدولت جہاں ہر چیز میں بہتری آئی ہے وہاں اسکائی لائٹس کے ڈیزائن میں بھی بہتری آئی ہے۔ آج کل کے ماڈل اور ڈیزائن پچھلے برسوں کے ڈیزائنز کے مقابلے میں زیادہ خوبصورت اور قابل اعتماد ہیں۔ ان کے ڈیزائن میں دلچسپ عناصر کا بھی اضافہ کیا جا چکا ہے۔ آپ اپنے گھر کی تعمیر کے مطابق اسکائی لائٹس کے مختلف ڈیزائن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

اسکائی لائٹس کی اقسام

معیاری اسکائی لائٹس عموماً تین اقسام پر مشتمل ہوتی ہیں وینٹیلیٹنگ، فکسڈ اور ٹائلر۔ آپ کے اسکائی لائٹس کے ڈیزائن کا انتخاب، آپ کے کمرے اور اس کی چھت پر منحصر ہے۔ اسکائی لائٹ کی قسم کے ساتھ ساتھ، آپ اس کے مواد، فلٹر اور دیگرخصوصیات، جو آپ چاہتے ہیں، ان پر بھی آپ کو غور کرنا ہوگا۔ سب سے پہلے ہم گنبد نما ایکریلیک اسکائی لائٹس کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتی ہیں۔

گنبد نما ایکریلیک

گنبد نما ایکریلیک اسکائی لائٹس کو غیر معمولی موسم کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ بارش سے بچنے میں مدد کے ساتھ، یہ وینٹیلیشن اور چھت تک رسائی میں بھی مدد دیتی ہیں۔ ان کی منفرد شکل کی وجہ سے، یہ سیلاب کی صورت میں بھی ممکنہ مسائل سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ ان سے عمارت کے اندر قدرتی روشنی بھی داخل ہوتی ہے، جس سے آپ لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

ایک مربع فٹ پر بنی ہوئی اسکائی لائٹ سے زیادہ روشنی اندر داخل ہو سکتی ہے۔ یہ عمودی ونڈو سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ براہِ راست آسمان کی طرف بنی ہوتی ہیں۔ یہ اسکائی لائٹس، کمروں کی اندر لگے ہوئے پودوں کو روشنی فراہم کرنے کے لیے بھی لگائی جاسکتی ہیں۔

اسکائی لائٹ کی ضرورت

آپ کو روشنی براہ راست چاہیے یا پھر غیر مستقیم روشنی کی ضرورت ہے؟ یا آپ اسکائی لائٹ کے لیے ایسے مواد کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں، جو روشنی کو محدود پیمانے پر گھر کے اندر آنے کی اجازت دے؟ کیا آپ سورج کی روشنی کے ذریعے کمرے میں تابکاری سے اس کو گرم رکھنا چاہتے ہیں؟

اسکائی لائٹس کا انتخاب کرنے سے پہلے ان تمام عوامل کے بارے میں جاننا ضروری ہے، تاکہ آپ آنے والے وقتوں میں اسکائی لائٹس کے تمام فوائد سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اس کا انحصار آپ کی تحقیق، پسند اور ضرورت کے مطابق مواد اور ڈیزائن کے انتخاب پرہے، جو وسط مدت سے لے کر طویل مدت میں اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ آپ کا انتخاب درست تھا یا غلط۔

شیشے کا مواد

ایسی اسکائی لائٹس جن میں شیشے کا مواد زیادہ استعمال ہوتا ہے، وہ اکثر ہموار بنی ہوئی ہوتی ہیں۔ یہ اسکائی لائٹس عموماً دو طرح کے مواد یعنی معدنی شیشے یا مضبوط حفاظتی شیشے یاان دونوں کے مجموعہ پر مشتمل ہوتی ہیں۔ آپ کےگھر کا ڈیزائن، اس بات کا فیصلہ کرتا ہے کہ آپ کو کون سا شیشہ استعمال کرنا چاہیے۔

ان اسکائی لائٹس کو استعمال کرکے نا صرف آپ گھر میں روشنی حاصل کرسکتے ہیں، بلکہ یہ آپ کے گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر شیشے کی اسکائی لائٹس کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

فکسڈ ٹائپ

فکسڈ اسکائی لائٹس ایک گھر کو وسیع منظر دینےمیں مدد کرتی ہیں اوریہ قدرتی روشنی سے بھرا ہوا لگتا ہے۔ فکسڈ اسکائی لائٹس، گھر کے ان حصوں میں بہترین قدرتی روشنی فراہم کرتی ہیں، جو روشنی نہ ہونے کی وجہ سے اندھیرے میں گھِرے ہوتے ہیں جیسا کہ راہداری، سیڑھیاں اور اس طرح کی دیگر جگہیں۔ فکسڈ اسکائی لائٹس وسیع پیمانے پر روشنی فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں ۔ ان کو عموماً لکڑی کے فریم سے بنایا جاتا ہے۔