پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرے ٹی20 میں شکست دیدی

September 02, 2020

پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ ہرا دیا

دورہ انگلینڈ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو پہلی کامیابی مل گئی۔ تیسرے ٹی20 میں گرین شرٹس نے انگلینڈ کو 5 رنز سے ہرا کر سیریز کا اختتام 1-1 سے برابری پر کردیا۔

محمد حفیظ کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ حفیظ نے دو میچوں میں مجموعی طور پر 155 رنز بنائے تھے۔

محمد حفیظکے86 اور حیدر علی کے 54 رنز کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میںانگلینڈ کا آغاز اچھا نہیں ہوا۔ پہلی وکٹ جونی بیرسٹو کی 1 رن پر گری۔ جن کو شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا۔ دوسری وکٹ ڈیوڈ ملان کی 26 کے مجموعی اسکور پر گری جو کہ عماد وسیم نے حاصل کی۔

انگلینڈکی جانب سے سب سے زیادہ 61 رنز معین علی نے بنائے۔ اوپنر ٹام بینٹن بھی 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے 2،2 وکٹس لیں۔عماد وسیم اور حارث رؤف نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انگلینڈ کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

قومی ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز فخر زمان ایک رن بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے تھے جس کے بعد ڈیبیو کرنے والے حیدر علی نے کپتان بابر اعظم کا ساتھ دیا۔ 32 کے مجموعے پر کپتان بھی 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تھے۔

بعدازاں تجربہ کار کھلاڑی محمد حفیظ نے اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور4 چوکے شامل تھے۔

اس میچ میں ڈیبیو کرنے والے حیدر علی نے 54 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے 2 جبکہ ٹام کرن اور معین علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے وہاب ریاض، حیدر علی اور سرفراز احمد کو محمد رضوان، محمد عامر اور افتخار احمد کی جگہ ٹیم میں شامل کیا تھا۔