اگست میں برآمدات میں 19 اعشاریہ 5 فیصد کمی ہوئی: عبد الرزاق داؤد

September 03, 2020

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ بارشیں اور سیلاب کے باعث گزشتہ ماہ برآمدات میں 19 اعشاریہ 5 فیصد کمی ہوئی ہے۔

سوشل مڈیا سائٹ ٹوئٹر پر بارشیں اور سیلاب کے باعث برآمدات میں کمی پر عبد الرزاق داؤد نے جاری اپنے بیان میں کہا کہ غیر متوقع مون سون بارشوں کے باعث برآمدات کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں رواں سال اگست میں برآمدات کم ہوئیں، رواں سال اگست میں گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات 19 اعشاریہ پانچ فیصد کم ہوئیں۔

مشیر تجارت نے کہا کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باوجود برآمدات حوصلہ افزا ہیں، برآمدات میں کمی کے باوجود ہمارا ٹریڈ بیلنس بہتر رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں میڈ ان پاکستان پالیسی اور برآمدات کے فروغ کیلئے کام کرنا ہوگا۔

مشیر تجارتعبد الرزاق داؤد نے یہ بھی کہا کہ وہ آئندہ ماہ برآمدات میں اضافے کے لیے پُرامید ہیں۔