قائد کے فرمان

September 06, 2020

بانئی پاکستان قائداعظم نئی نسل کو بہت اہمیت دیتے تھے، ان کے نزدیک یہ ہمارا آنے والا کل ہیں، قائدِکی کہی باتیں اور اقوال پڑھ کر دلوں میں امنگ اور ولولہ پیدا ہوتا ہے۔ قائد اعظم جب بھی طلبا و طالبات سے ملا کرتے ان سے تعلیم حاصل کرنے پر زور دیتے تھے۔

جس کا اندازہ ذیل میں قائد کے چند فرمان پڑھ کر بہ خوبی ہوجائے گا۔

٭ علم تلوار سے بھی زیادہ طاقت ور ہوتا ہے،جائیے علم حاصل کیجئے۔

٭الفاظ کی اتنی قدروقیمت نہیں جتنی افعال کی ہوتی ہے،مجھے یقین ہے، کہ آپ اپنے اسلاف کی روایات کے مطابق شان دارکارناموں کا مظاہرہ کریں گے، اور اپنی عظیم قوم کی عزت ووقار کر برقرار رکھیں گے۔

٭آپ تعلیم پر پورا دھیان دیں، اپنے آپ کو عمل کے لئے تیار کریں۔ خیالی دنیا سے نکل آئیں اور اپنے دماغ ایسے پروگراموں کےلئے وقف کردیں، جن سے زندگی کے ہر شعبہ میں لوگوں کی حالات بہتر کوسکیں۔

٭ اپنی تنظیم اس طور پر کیجئے کہ کسی پر بھروسہ کرنے کی ضرورت نہ رہے، یہی آپ کا واحد اور بہترین تحفظ ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم کسی کے خلاف بدخواہی یا عناد رکھیں۔ اپنے حقوق اور مفاد کے تحفظ کےلئے وہ طاقت پیدا کرلیجئے کہ آپ اپنی مدافعت کرسکیں۔

پیارے بچو! قائد اعظم نے پاکستان حاصل کرنے کےلئے دن رات کام کیا۔ وہ ہمیشہ کہتے تھے کہ میں آپ کو مصروف عمل ہونے کی تائید کرتا ہوں۔ اپنی قوم کی سچی خدمت کرتے جائیں۔