جنگ بندی کی خلاف ورزی پرسینئر بھارتی سفارتکار دفترخارجہ طلب،شدید احتجاج

September 07, 2020

اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی)بھارت نے لائن آف کنٹرول پر بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ جنگ بندی کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو گزشتہ روزدفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا۔ ترجمان ،دفتر خارجہ نے کہا کہ ایل او سی پر کشیدگی بڑھانے کی بھارتی کوششیں خطے کے امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہیں،5 ستمبر کو بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ’ایل۔او۔سی‘ کے رکھ چکری سیکٹر میں انیس سالہ محمد طارق ولد غلام حسین سکنہ گاوں کرنی شدید زخمی ہوگئے۔بھارتی فوج ’ایل۔او۔سی‘ اور ’ورکنگ۔باونڈری‘ پر عام شہری آبادی کو آرٹلری اور بھاری وخودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنارہی ہے، رواں برس بھارت نے 2158 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 17 بے گناہ شہری شہید ، 168شدید زخمی ہوئے، بے گناہ شہری آبادی کو دانستہ نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا گیا کہ بے حسی پر مبنی یہ اقدامات 2003 کے جنگ بندی معاہدے، انسانی عظمت ووقار، بین الاقوامی انسانی حقوق و قوانین اور پیشہ وارنہ فوجی طرز عمل کے برعکس اور اس کی صریحا خلاف ورزی ہے۔