ایک ملک اور دو قانون والا رجحان انتہائی خطرناک ہے، بلاول بھٹو زرداری

September 11, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایک ملک اور دو قانون والا رجحان انتہائی خطرناک ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی برسی پر اپنے ایک پیغام میں بابائے قوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نظریہِ پاکستان ملک کی بنیاد ہے، جو ملک کو دو پاکستان کے نظریئے کی جانب دھکیل رہے ہیں، بہت بڑی ناانصافی کر رہے ہیں، قائداعظم کے وژن سے انحراف کرنے سے باز آجائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پوری قوم کو یقینی بنانا ہوگا، کوئی نظریئے پاکستان سے پیچھے نہ ہٹے، قائداعظم نے سیاسی و جمہوری جدوجہد کے ذریعے مسلمانوں کے لیے ملک قائم کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسا ملک جہاں امپیرئل حکومتوں کے برعکس سب قانون کے آگے برابر ہوں گے، وگرنہ آزادی سے پہلے ایک ملک میں کئی قانون ہوتے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس خطرناک رجحان کو ایک بار پھر ذاتی و سیاسی مفادات کی خاطر تقویت دی جا رہی ہے۔

اس دوران انہوں نے بھٹو خاندان سے متعلق بات کرتے ہو ئے کہا ہے کہ شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے نظریہ پاکستان اور اس کو مضبوط بنانے کے لیے جدوجہد کی، اس مقصد کی حصول کی خاطر انہوں نے ملک کو پہلا متفقہ آئین، مضبوط دفاع، مستحکم معاشی ڈھانچہ دیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے سماجی شعبے میں اصلاحات اور عوام کو بااختیار بھی بنایا، پیپلز پارٹی قائداعظم کے وژن و نظریئے کی علمبردار بنی رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب کبھی قائداعظم کے ویژن کو روندنے کی کوشش کی جائے گی، پیپلز پارٹی اس کے خلاف مزاحمت کی پہلی صف میں ہوگی۔