سونیا جی کیا آپ میرے ساتھ ہوئے سلوک پر پریشان نہیں؟

September 11, 2020

بالی ووڈ اسٹار اداکارہ کنگنا رناوت نے بھارت کی تاریخی جماعت انڈین نیشنل کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی سے ایک طرف مداخلت کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی ان پر ’طنز‘ کا تیر بھی چلادیا۔

کنگنا رناوت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کانگریس سربراہ مخاطب کرتے ہوئے کئی پیغامات شیئرکیے، جن میں انہیں ’سونیا گاندھی جی‘ کہہ کر مخاطب کیا۔

کانگریس اس وقت بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہے، ساتھ ہی وہ ریاست مہاراشٹرا کی مخلوط حکومت کا حصہ بھی ہے۔

اداکارہ نے اپنی ممبئی کے علاقے باندرا کی پراپرٹی میں میونسپل کارپوریشن کی توڑ پھوڑ کے ایشو میں سونیا گاندھی کو بھی گھسیٹنے کی کوشش کی ہے۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ سونیا گاندھی جی، آپ کی مہاراشٹرا حکومت نے ایک عورت ہونے کے ناطے میرے ساتھ جو سلوک کیا ہے، کیا آپ اس پر پریشان نہیں ہیں؟

انہوں نے ساتھ ہی سوال اٹھایا کہ کیا آپ اپنی حکومت سے کہہ نہیں سکتیں کہ وہ ڈاکٹر امبیڈکر کے دیے ہوئے آئین کے اصولوں کو برقرار رکھیں؟

بھارتی اداکارہ نے سونیا گاندھی کو کہا کہ آپ مغرب میں پلی بڑھی اور اب ہندوستان میں رہتی ہیں، آپ یقیناً خواتین کی جدوجہد سے واقف ہوں گی۔

کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ تاریخ آپ کی خاموشی اور بے حسی کا فیصلہ اس وقت کرے گی، جب آپ کی اپنی حکومت خواتین کو ہراساں کررہی ہو اور امن و امان کا مزاق اڑا رہی ہو۔

اس سے قبل بالی ووڈ کی اسٹار اداکارہ مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو تنقید اور طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے گھر کی طرح تمہاری انا بھی ٹوٹے گی‘۔