• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت کی ممبئی پراپرٹی میں توڑ پھوڑ


بھارتی ریاست مہاراسٹر کے دارالحکومت ممبئی کی میونسپل کارپویشن (بی ایم سی) نے بالی ووڈ اسٹار اداکارہ کنگنا رناوت کے آفس کو تجاوزات قرار دے اسے توڑ پھوڑ دیا۔

کنگنا رناوت نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ میری پراپرٹی میں کچھ بھی غیر قانونی نہیں، اس کو بنانے کے لیے میں نے 15 سال سخت محنت کی، بی ایم سی نے میرے ممبئی لوٹنے سے قبل ہی پراپرٹی میں توڑ پھوڑ کی۔

کنگنا رناوت کی یہ پراپرٹی رواں سال جنوری میں 48 کروڑ کی لاگت سے تیار ہوئی تھی، جس پر آپریشن سے ایک دن قبل ہی بی ایم سی نے نوٹس چسپاں کیا تھا۔

بالی ووڈ اسٹار اداکارہ کو اس نوٹس کا جواب دینے کے لیے 24 گھنٹے کا وقت دیا گیا تھا اور وقت مکمل ہوتے ہی توڑ پھوڑ شروع کردی گئی۔

کنگنا رناوت بی ایم سی کی کارروائی کے دوران ہی ممبئی ایئرپورٹ سے سیدھی ہائی کورٹ پہنچی، جس کے بعد معاملے کی سماعت شام تک موخر کردی گئی۔

واضح رہے کہ کنگنا رناوت کے ایئرپورٹ پہنچنے پر انتہاپسند ہندو تنظیم شیو سینا نے ان کے خلاف مظاہرہ بھی کیا تھا۔

کنگنا رناوت نے اپنی نئی تعمیر شدہ پراپرٹی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی اور کہا کہ یہ میری فلم ’منی کرنیکا: جھانسی کی رانی‘ کا آفس ہے، جسے بنانے کے لیے میں نے 15سال سخت محنت کی، جسے توڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا خواب تھا کہ جب میں فلم میکر بنوں تو میرا ایسا آفس ہو، لگتا ہے میرا خواب اب بکھر گیا۔

تازہ ترین