این ای ڈی میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کا آغاز

September 16, 2020

جامعہ این ای ڈی اور تھر انسٹیٹیوٹ میں داخلوں کے لئے انٹری ٹیسٹ کا آغاز ہوگیا، ٹیسٹ کے دوران کورونا ایس او پیز پر بھی عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔

جامعہ این ای ڈی کراچی میں کورونا ایس او پیز کے تحت انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، انتظامیہ کے مطابق کورونا ایس او پیز کے تحت انٹری ٹیسٹ کا انعقاد 6 روز کے دوران تین شفٹوں میں کیا جائے گا۔

پہلے دن ہزاروں کی تعداد میں امیدواروں نے ٹیسٹ میں حصہ لیا، انٹری ٹیسٹ میں 9 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کی شرکت متوقع ہے۔

این ای ڈی کی 2097 اور تھر انسٹیوٹ کی 60 نشستوں کے لیے ٹیسٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے، انٹری ٹیسٹ جامعہ کی 28 لیبز میں منعقد کیے گئے ہیں۔

ٹیسٹ کے دوران ماسک کا استعمال لازمی اور سماجی فاصلہ برقرار رکھا گیا ہے جبکہ جامعہ آنے والے امیدواروں کا درجہ حرارت بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک تین شفٹوں میں ٹیسٹ لئے جائینگے۔