متاثرہ خاتون نے ملزم عابد ، شفقت کو پہچان لیا، وزیرِ اطلاعات پنجاب

September 17, 2020


پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے انکشاف کیاہے کہ موٹر وے زیادتی کیس کی متاثرہ خاتون نے ملزم عابد اور شفقت کو پہچان لیا ہے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وقار الحسن کی وجہ سے ملزم شفقت تک پہنچنےمیں مدد ملی، متاثرہ خاتون نے بھی ملزمان عابد اور شفقت کو پہچان لیا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وقار الحسن کو مقامی لوگوں نے پولیس کے حوالے کیا،اسی نے سب کچھ بتایا کہ کون کون ملزم ہیں،

فیاض الحسن چوہان نے سوشل میڈیا پر لاہور کی لڑکی فاطمہ کو دھمکیاں دینے کے کیس میں بھی پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ لاہور پولیس نے ملزم ابشام اور اس کے والد عمران کو 10 گھنٹوں میں گرفتار کرلیا ہے۔

فیاض چوہان نے بتایا کہ ایک بچی کو ہراساں کرنے کی خبر سے متعلق وزیر اعظم کو آگاہ کیا،جس پر وزیراعظم نے ملزم کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے بتایا کہ بچی کے اہلخانہ نے ملزم کے خلاف سائبر کرائم کا مقدمہ درج کرایا تھا،3 دن پہلے سوشل میڈیا پر بچی کو ہراساں کرنے کی وڈیو وائرل ہوئی تھی،بچی کو ہراساں کرنے والے لڑکے کو راولپنڈی سے اور اس کے باپ کو لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ باپ بیٹا بدمعاشی کر رہے تھے، ملزم 2 دن پہلے فیملی کو دھمکیاں دے رہا تھا،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے بھی کہا کہ 24 گھنٹے میں لڑکا گرفتار ہونا چاہیے،اس پر میں نے سی سی پی او لاہور کو کہاکہ 24 گھنٹے میں لڑکے کوگرفتار کریں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ کو بھی مؤثر بنانے کی ضرورت ہے ۔