موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کی بیوی کو پولیس نے حراست میں لےلیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق موٹروے زیادتی کیس میں ایک پیشرفت ہوئی ہے، پولیس نے ملزم عابد علی کی بیوی کو مانگا منڈی سے حراست میں لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم عابد کی گرفتار بیوی قلعہ ستار سنگھ کے چھاپے میں فرار ہوگئی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لی گئی اہلیہ بشریٰ نے عابد علی کے ساتھ دوسری شادی کی تھی۔
اس سے قبل پنجاب پولیس عابد علی سے رابطہ رکھنے والے 2 بھائیوں کو چیچہ وطنی سے گرفتار کرچکی ہے۔
موٹروے زیادتی کیس میں ملزم شفقت علی نے عابد علی کے ساتھ مل کر واردات انجام دینے کا اعتراف کرلیا تھا، جو اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔
شفقت کے بیان کی روشنی میں بالا مستری نامی تیسرے شخص کو حراست میں لیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل وقار الحسن اور اس کے سالے عباس نے پولیس کو خود ہی گرفتاری دی تھی۔
خاتون سے زیادتی کا مقدمہ گجرپورہ تھانے میں خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، جس میں زیادتی، ڈکیتی اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔
اس سےقبل یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ موٹروے واقعے میں ملوث ملزمان میں سے ایک کار کا شیشہ توڑتے وقت زخمی ہوگیا تھا۔