یورپین قیادت ہتھیاروں کی فروخت پر نظر رکھے، یورپین پارلیمنٹ میں قرارداد

September 18, 2020

برسلز (حافظ انیب راشد) یورپین پارلیمنٹ نے ایک قرارداد کے ذریعے یورپین قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یورپین ہتھیاروں کی فروخت پر نظر رکھے۔یہ مطالبہ اراکین پارلیمنٹ نے جمعرات کے روز پیش کردہ ایک قرارداد میں کیا جس کے حق میں 341اور مخالفت میں 124ووٹ آئے۔ جبکہ 230اراکین غیر حاضر رہے۔اس قرارداد کے متن میں یورپین ممبر ریاستوں کو یاد دلایا گیا ہے کہ یورپ کی کچھ اخلاقی قدریں ہیں اور اسلحہ کی تجارت کرتے ہوئے اسکے معاشی فوائد کواسکی اخلاقی قدروں پر قربان نہ کیا جائے، قرارداد میں نوٹ کیا گیا ہے کہ 2015سے لیکر 2019تک اسلحہ بنانے والی یورپین کمپنیوں کی تجارت کا مجموعی حجم 26 فیصد کےساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔جبکہ امریکہ 36 فیصد کے ساتھ پہلے اور روس 21 فیصد فروخت کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔متن کے مطابق اسوقت مڈل ایسٹ اور نارتھ افریقہ مسلح تنازعات کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔جبکہ اسلحہ بنانےوالی کمپنیوں کی زیادہ تر ایکسپورٹ کا رخ بھی انہی خطوں کی جانب رہا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسلحہ کی یورپین ایکسپورٹ پر رولز زیادہ بہتر نہیں ہیں۔ اس قرارداد میں ممبران پارلیمنٹ نے ممبر ریاستوں سے تعلق رکھنے والی مقامی اور یورپین قیادت پر زور دیا کہ وہ اس ساری صورتحال پر نظر رکھیں اور اس تجارت کے مالی مفادات کو اس کی اخلاقی اقدار پر حاوی نہ ہونے دیں۔