عمران خان نااہلی کی درخواست پر سماعت ملتوی، درخواست گزارکو آخری موقع

September 18, 2020

پشاور(نمائندہ جنگ )پشاورہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر کیس کو سنیں گے اور فیصلہ کرینگے، این اے 35 بنوں سے مخالف امیداور انعام اللہ خان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس ناصر محفوظ پر مشتمل دورکنی بنچ نے کی۔ ا س موقع پر وزیراعظم کے وکیل حبیب قریشی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیاکہ سینئر وکیل کی طبیعت ٹھیک نہیں وہ بیمار ہیں، اسلئے آج سماعت ملتوی کی جائے۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے درخواست گزارکے وکیل کومخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کو آخری موقع دیتے ہیں ،آئندہ سماعت پر کیس ملتوی نہیں کیا جائے گا، فاضل جسٹس نے مزید کہا کہ 2018 سے یہ کیس چلا آرہا ہے آئندہ سماعت پر اس کیس کو سنیں گے اور فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف این اے 35 بنوں سے مخالف امیداور انعام اللہ خان نے وزیراعظم کی نااہلی اور الیکشن ٹربیونل فیصلے کے خلاف درخواست دائر کررکھی ہے ۔