عاصم اظہر کا نیا گانا جاری ہوتے ہی چھاگیا

September 19, 2020


پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار عاصم اظہر کا نیا گانا ’تصویر‘ جاری ہوتے ہی مقبول ہوگیا۔

ایک کے بعد ایک مقبول ترین گانے جاری کرنے والے عاصم اظہر نے ایک بار پھر اپنے مداحوں کے لیے ایک دھماکے دار گانا جاری کردیا ہے جس کا عنوان ’تصویر‘ ہے۔

گلوکار کے نئے گانے ’تصویر ‘ کی شاعری کی بات کریں تو اس گانے کی شاعری اُداس کردینے والی ہے لیکن چونکہ اس گانے میں عاصم اظہر کو ایک نئے روپ میں دِکھایا گیا ہے تو مداحوں کی جانب سے اُن کے کام کو خوب سراہا جارہا ہے۔

عاصم اظہر کو گانے میں روتا ہوا دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے اس گانے کو تشکیل دینے کے پیچھے کی وجہ ہانیہ عامر کو قرار دے دیا۔

گانے کی کمپوزیشن کی بات کریں تو ’تصویر ‘ کو کمپوز کرنے والے قاسم اظہر ہیں جبکہ عمران رضا نے اس گانے کو تحریر کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عاصم اظہر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے گانے ’تصویر‘ کا ٹیزر شیئر کیا تھا۔


عاصم اظہر کی اس پوسٹپر اُن کی والدہ و اداکارہ گل رعنا نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’بیٹا میں تمہاری ماں ہوں اِس لیے ٹھیک سے تمہاری تعریف بھی نہیں کرسکتی لیکن واقعی میں تم ایک حقیقی اسٹار ہو۔‘

دوسری جانب اداکارہ اُشنا شاہ نے پوسٹپر کمنٹ کرتے ہوئے عاصم اظہر کی گائیکی اور گانے کی شاعری کو قاتلانہ قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ عاصم اظہر کا گانا جاری ہوتے ہی مقبول ہوگیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی عاصم اظہر کے گانے’جو تو نہ ملا‘، ’ہمراہ‘ اور ’تیرا وہ پیار‘ کو خوب مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔