نیشنل آرٹسٹ ایسوسی ایشن کا شفقت محمود کو خط

September 19, 2020


نیشنل آرٹسٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے وفاقی وزیر شفقت محمود کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ پاکستان آرٹس کونسل سے قیمتی فن پارے غائب ہو گئے ہیں۔

نیشنل آرٹسٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کا اپنے خط میں کہنا ہے کہ پاکستان آرٹس کونسل میں حکومت کو ملنے والے تحائف، فن پارے اور نوادرات کو مستقل مجموعات کے طور پر بحفاظت رکھا جاتا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کروڑوں روپے کے فن پارے پاکستان آرٹس کونسل سے غائب ہوئے ہیں، 2016ء سے اب تک پاکستان آرٹس کونسل کی جانب سے فن پاروں کی چوری پر کوئی ٹھوس ایکشن نہیں لیا گیا۔

آرٹسٹ ایسوسی ایشن کا خط میں کہنا ہےکہ پاکستان آرٹس کونسل سے معروف آرٹسٹ اے جے شیمزا کے 10 فن پارے غائب ہوئے ہیں۔

نیشنل آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے خط میں لکھا گیا ہے کہ اے جے شیمزہ کی اہلیہ نے ان کے 10 فن پارے پاکستان آرٹس کونسل سے واپس مانگے ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اے جے شیمزہ کی اہلیہ نے 10 فن پارے 1985ء میں پاکستان آرٹس کونسل کے مستقل مجموعات میں تحفے کے طور پر دیئے تھے۔

آرٹسٹ ایسوسی ایشی نے اپنے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا جائے، پاکستان آرٹس کونسل کے سربراہان اور عملے کو شاملِ تفتیش کیا جائے اور ذمے داران کو سخت سزا دی جائے۔