شمس و مہتاب دیکھتے ہیں مجھے...

September 27, 2020

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: سارہ چوہدری

ملبوسات: منوش برائیڈل کلیکشن

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: ایم کاشف

لے آئوٹ: نوید رشید

گئے وقتوں میں جب شادی بیاہ کی تقریبات کا انعقاد گھروں میں ہوتا تھا، تو ان کی رونق ہی الگ ہوتی تھی۔سب مل جُل کر ایک دوسرے کا، خصوصاً دلہن کے گھر والوں کا ہاتھ بٹاتے اور پوری کوشش یہی رہتی، کوئی اپنا پیارا روٹھ نہ جائے۔

پھر شادی بیاہ کی تقریبات جدّت میں ڈھل گئیں اور میرج ہالز میں ان کا اہتمام لازم ٹھہرا، لیکن جب کورونا وائرس کے وبائی ایّام میں میرج ہالز پر عارضی پابندی عائد ہوئی ،تو متعدّد والدین نے اُن ہی پُرانی روایات کی پاس داری میں ایک بار پھر گھروں سے بیٹیوں کی وداعی، رخصتی شروع کردی، تو بعض نے شادیوں کی تاریخیں آگے بڑھا دیں۔ اب چوں کہ ایک بار پھر میرج ہالز فعال ہوچُکے ہیں،تو تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ لیجیے،اسی مناسبت سے آج ہم نے بھی اپنی بزم عن قریب رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی دلہنوں کے کچھ انتہائی حسین و دِل کش پیراہن سے مرصّع کردی ہے۔

ذرا دیکھیے، سُرخ رنگ شرارے اور قدرے لمبی ائیر لائن فراک کا انداز کیسا شاہانہ لگ رہا ہے۔شرارےکے صرف گھیر پر ،جب کہ فراک کے فرنٹ پرسلمے دبکے کا بےحد حسین کام ہے۔ فون اور سُرخ کے سدا بہار امتزاج میں شرارہ، چولی کے بھی کیا ہی کہنے۔ بنارسی شرارے کے گھیر پر سُرخ رنگ کی ہیوی کٹ ورک ایمبرائڈری خُوب جچ رہی ہے، تو دبکا ورک کا اسٹائلش لُک بھی غضب ہے، جب کہ بھاری کام دار چولی کے ساتھ کنٹراسٹ میں سُرخ دوپٹے نے تولباس کی شان کچھ اوربھی بڑھا دی ہے۔

پیلے رنگ میں کلیوں والی کام دار ائیر لائن فراک کے ساتھ طلائی رنگ بنارسی ٹراؤزرہے، تو کنٹراسٹ میں کام دار گہرے نیلے رنگ کا دوپٹا۔ اور طلائی رنگ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ اِسی رنگ میں فرنٹ اوپن کام دارپیپلم ،شادی کے بعد کی کسی بھی دعوت میں زیبِ تن کرنے کے لیے ایک عُمدہ انتخاب ہے۔