پلے بیک سنگر ایس پی بالا سبرامنیم کے انتقال پر بولی وڈ غمزدہ

September 26, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے مشہور پلے بیک سنگر ایس پی بالا سبرامنیم گزشتہ روزانتقال کر گئے ۔بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق عالمی شہرت یافتہ گلوکار ایس پی بالا کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر 5 اگست کواسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم ان کی طبیعت سنبھل نہیں سکی تھی اور سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا تھا جس پر انہیں14اگست کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔تاہم ایک ماہ بعد ان کا کورونا کا ٹیسٹ نیگیٹو آ گیا تھا لیکن سانس لینے میں دشواری کے سبب وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔ایس پی بالا سبرامنیم کے بیٹے چرن ایس پی بالا نے کچھ دن قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد کے مداحوں کو کورونا ٹیسٹ منفی آنے سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ʼاب طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے تاہم پھیپھڑے کافی متاثر ہوئے ہیں اس لیے چند روز اور وینٹی لیٹر پر رہنا ہوگا۔74 سالہ ایس پی بالا نے سلمان خان کی کئی فلموں میں اپنی مدھر آواز کا جادو جگایا اسی لیے انہیں سلمان خان کی آواز کے طور پر پہچانا جاتا تھا۔ سلمان خان نے جمعرات کو ہی اپنی ایک ٹویٹ میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔بولی وڈ انڈسٹری موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ کے انتقال پر غمزدہ ہے، شوبز انڈسٹری کے فنکار ان کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے میوزک انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دے رہے ہیں۔نامور اداکار سلمان خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں ایس پی بالا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ʼایس پی بالا سر کے بارے میں سن کر دل ٹوٹ گیا ہے۔