شمالی آئرلینڈ ایمبولینس کے 10ورکرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

September 26, 2020

لندن (پی اے ) شمالی آئرلینڈ کی ایمبولینس سروس نے تصدیق کی ہے کہ کریگاون میں ایمبولنس کے 10 ورکرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، ابتدائی طور پر یہ خبر بلفاسٹ ٹیلی گراف نے شائع کی تھی کہ جمہوریہ آئرلینڈ میں گولف کے دورے پر گئے ہوئے عملے کے 10 ارکان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جبکہ مزید6 ورکرز کو آئسولیشن اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ شمالی آئرلینڈ ایمبولینس سروس کے چیف ایگزیکٹو مائیکل بلوم فیلڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ کوئی بھی ورکرز شدید بیمار نہیں ہے۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ کاریگاون اسٹیشن پر عملے کی مجموعی تعداد 60 ہے، ان میں 15 دورے پر تھے، ان میں سے 12ایمبولینس کے عملے کے ارکان تھے، ان میں سے 10 کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ بلوم فیلڈ نے کہا کہ پہلے مریض کا پتہ 13 ستمبر کو چلا تھا، جسے ایک فیملی ممبر سے یہ وائرس منتقل ہوا تھا۔ انھوں نے کہا کہ چونکہ عملہ باہر ایک ساتھ تھا، اس لئے یہ وائرس ایک دوسرے کو منتقل ہوگیا۔ انھوں نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ متاثرہ افراد مریض سے رابطے میں تھے، حقیقت یہ ہے کہ اب زیادہ تعداد میں لوگ فی الوقت کام کرنے کے قابل نہیں ہیں، اس کے معنی یہ ہیں کہ ہمیں دوسرے علاقوں سے عملہ لانا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس علاقے میں کال پر جواب کے وقت میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔ انھوں نےکہا کہ گزشتہ 6 ماہ ان کے عملے کیلئے بہت ہی چیلنجنگ تھے لیکن ہمارے عملے نے غیرمعمولی تندہی سے فرائض انجام دئیے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ عملے کی صحت کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ مزید عملے میں کوروناکی علامات موجود نہیں ہیں اور عملے کے ارکان اگلے چند ہفتوں میں کام پر واپس آجائیں گے۔