لاک ڈاؤن کے دوران شاہ رخ خان نے گھر کا کچن سنبھال لیا تھا، گوری خان

September 28, 2020

بالی ووڈ سپر اسٹار کنگ خان (شاہ رخ خان) کی انٹیریئر ڈیزائنر اہلیہ گوری خان نے نہایت پرمزاح انداز میں بتایا کہ شاہ رخ خان نے اس برس کے آغاز میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن کے آغاز پر بالی ووڈ اسکرین کی جگہ گھر کا کچن سنبھال کر خود کھانے بنانا شروع کردیئے تھے۔

گوری خان کا کہنا تھا کہ ان کا خاندان باہر سے کھانے منگوانے کے حوالے سے خوف و خدشات میں مبتلا تھا اس لیے کنگ خان نے اس موقع پر فیصلہ کیا کہ وہ اپنی فیملی کے لیے مزیدار کھانے خود بنائیں گے۔

شاہ رخ خان اور گوری خان اپنے بچوں آریان، سوہانا اور ابرام کے ساتھ ممبئی میں واقع اپنے گھر (منت) میں اس وقت سے مقیم ہیں جب شاہ رخ کے بڑے بیٹے کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے امریکا سے واپس ممبئی آگئے تھے۔

ایک بھارتی ویب پورٹل سے گفتگو کرتے ہوئے گوری خان نے کہا کہ اس دوران شاہ رخ کو کھانے بنانے کا شوق ہوا اور وہ ان کھانوں کو کھاکر لطف اندوز ہوتی رہیں۔

گوری خان نے بچوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ آریان نے امریکا کی جنوبی کیلی فورنیا کی یونیورسٹی سے فلم میکنگ میں اپنا کورس ختم کرلیا ہے، اور انھوں نے اب بھی وقفہ نہیں لیا ہے اور گھر پر بڑی تعداد میں فلمیں دیکھ رہے ہیں۔ جبکہ سوہانا، یونیورسٹی آف نیویارک کے زیراہتمام آن لائن کلاسیں ممبئی میں گھر پر ہی لے رہی ہیں، اور ابرام اب اسکول جانا شروع ہوگئے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ بہت تبدیل شدہ اور نیا لگتا ہے۔ ابتدا میں بچوں کے حوالے سے یہ سب کچھ بہت مشکل لگ رہا تھا، شاہ رخ نے بھی صورتحال سے ایڈجسٹ کرلیا ہے۔ گوری خان کے مطابق اب شاہ رخ خان اپنا بہت زیادہ وقت ہمارے ساتھ گزارتے ہیں۔