ارباز خان کا بدنام کیے جانے پر متعدد افراد کیخلاف ہرجانے کے مقدمات

September 30, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکار و پروڈیوسر ارباز خان نے خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ کے کیس میں اپنا نام منسلک کیے جانے اور بدنام کیے جانے پر مختلف افراد کے خلاف ہرجانے کے مقدمات دائر کردیئے۔ سشانت سنگھ راجپوت نے رواں برس 14 جون کو خودکشی کی تھی اور بھارت کی مرکزی تفتیشی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) ان کے کیس کی تفتیش کر رہی ہے۔ریا چکرورتی کے انکشافات کے بعد نارکوٹکس بیورو نے سارہ علی خان، دپیکا پڈوکون اور شردھا کپور سمیت دیگر شخصیات سے بھی تفتیش کی تھی اور اب مذکورہ کیس سشانت سنگھ کی خودکشی کے بجائے بولی وڈ میں منشیات کے استعمال کا کیس بن چکا ہے۔سشانت سنگھ خودکشی کیس میں ہر روز نئے انکشافات سامنے آنے اور سوشل میڈیا پر مختلف شوبز شخصیات پر الزامات لگائے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اسی سلسلے کے تحت سوشل میڈیا پر متعدد لوگوں نے بولی وڈ کے دبنگ خان سلمان خان کے بھائی ارباز خان پر بھی کئی الزامات لگائے تھے۔سوشل میڈیا پر اپنے خلاف الزامات لگائے جانے کے بعد ارباز خان نے الزامات لگانے والے افراد کے خلاف ہتک عزت کے دعوے دائر کردیے۔بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق ارباز خان نے ممبئی کی سول کورٹ میں کم از کم تین سوشل میڈیا شخصیات کے خلاف ہرجانے کے دعوے دائر کردیئے۔ ہرجانے کے دعوے دائر کرتے ہوئے ارباز خان نے مؤقف اختیار کیا کہ سشانت سنگھ خودکشی کیس میں ان کا نام منسلک کرکے انہیں بدنام کیا جا رہا ہے۔ارباز خان نے سشانت سنگھ خودکشی کیس میں انہیں بدنام کرنے پر وبھور آنند، ساکشی بھنڈاری اور دیگر ملزمان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا۔