ترک ڈرامہ ارطغرل آذر بائیجان کے سرکاری چینل پر نشر کیا جائیگا

October 01, 2020

باکو(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف ترک ڈارما سیریز درلس ارطغرل آذر بائیجان کے سرکاری چینل پربھی نشر کیا جائے گا۔ترک خبر رساں ادارے کے مطابق آذر بائیجان کے سرکاری ٹیلی وژن اے زیڈ ٹی وی نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ ڈراما نشر کرنے کے حقوق حاصل کرلیے گئے ہیں۔ یہ ڈراما 2014 میں شروع ہونے کے بعد ہی آذر بائیجان میں مقبول ہونا شروع ہوگیا تھا۔آذری سرکاری چینل کے مطابق ڈرامے کی 150 اقساط کی ڈبنگ اور ایڈیٹنگ کے کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ سرکاری چینل پر یہ ڈراما ہفتے کے پانچ روز نشر کیا جائے گا۔خلافت عثمانیہ کے قیام سے قبل کے ترک خطے اور اسلامی دنیا کے حالات پر بنائی گئی یہ ٹی وی سیریز مسلم دنیا اور بالخصوص پاکستان میں مقبولیت کے اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ چکی ہے۔ دوسری جانب آرمینیا کے ساتھ سرحدی تنازعے پر شروع ہونے والی مسلح جھڑپوں میں بھی ترکی نے آذر بائیجان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے دونوں ممالک کی قربتوں میں اضافہ ہوا ہے۔یاد رہے کہ اسلامی فتوحات پر مبنی عالمی شہرت یافتہ تُرک ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ نے گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنالی ہے۔’ارطغرل غازی‘ تاریخ کا بہترین ڈرامہ ہونے پر گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لئے منتخب ہوا ہے۔ ’ارطغرل غازی‘ کو دیکھنے والوں کی تعداد 30کروڑ تک پہنچ چکی ہے اور دنیا بھر کی 39 زبانوں میں اس کا ترجمہ کیا گیا ہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔ٹی آر ٹی کے ڈپٹی ڈائرکٹر جنرل ابراہیم ایرن کے مطابق یہ ڈرامہ 60 سے زائد ممالک میں ٹی وی چینلز پر دکھایا جا رہا ہے۔اب تک دنیا کے 78ممالک میں یہ سیریز دیکھی جا رہی ہے