دم دار ستارے

October 04, 2020

عائشہ فہیم

پیارے ساتھیو! آپ نے ستاروں اورسیارں کے بارے میں پڑھا اور سنا تو ہوگا ہی۔ آج ہم آپ کو دم دار ستارے کے بارے میں بتارہے ہیں۔

دم دار ستارے کو انگریزی میں کومٹ (Comet) کہا جاتا ہے۔ کومٹ لاطینی زبان کا لفظ ’’کومیٹا‘‘ سے ماخوذ ہے، جس کا مطلب ہے لمبے بالوں والی ۔ دم دار ستارے میں خود روشنی نہیں ہوتی وہ سورج کی روشنی کو منعکس کرتے ہیں، ان کا مقام ستاروں کے برخلاف تبدیل ہوتا رہتا ہے اور یہ سورج کے گرد چکر لگاتے ہیں ،اگرچہ ان کا محور حد سے زیادہ بیضوی ہوتا ہے، اس لئے کبھی تو یہ سورج کے بالکل قریب آجاتے ہیں اور کبھی پلوٹو سے بھی آگے نکل جاتے ہیں ۔

ان کی رفتار سورج کے فاصلے کی بنیاد پر تبدیل ہوتی رہتی ہے جب یہ سورج کے بالکل قریب ہوتے ہیں تو ان کی رفتار تیز ہوجاتی ہے اور جیسے جیسے سورج سے دور ہوتے جاتے ہیں ان کی رفتار کم ہوتی جاتی ہے ۔ان کے جسم میں تارے چمکتے ہوئے نظر آتے ہیں ان کی دم بہت لمبی ہوتی ہے حتیٰ کہ بعض دمدار سیاروں کی دم کڑوروں میل لمبی ہوتی ہے ۔اس کی دم ہمیشہ سورج کے مقابلے میں دور رہتی ہے چاہے وہ سورج کی طرف آرہا ہو یا سورج سے دور جارہا ہو۔

Comet lovejoy نامی دمدار ستارہ کچھ عرصہ قبل زمین کے قریب سے گزرا تھا ۔اب یہ ستارہ 8000 سال بعد نظر آئے گا۔

Comet lovejoy نامی دمدار ستارہ 17 اگست 2014 کو Terry Lovejoy نامی فلکیات دان نے دریافت کیا اور اسی کے نام سے اس کا نام Comet lovejoy پڑگیا۔ اگر آپ یہ ستارہ دیکھنا چاہیں تو تقریبا مغربی جانب اوپر دیکھیں آپ کو ستاروں کا نمایاں جھرمٹ ثریا Pleades نظر آجائے گا اس کے بائیں جانب تھورا نیچے ایک چمکتا ستارہ ہوگا وہی دمدار ستارہ Comet lovejoy ہے ۔