اسنوکر چیمپئن شپ میں محمد آصف اور شاہد آفتاب نے میچز جیت لیے۔
پاکستان کے محمد آصف اور شاہد آفتاب نے ورلڈ ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ میں کامیاب آغاز کرتے ہوئے ایونٹ کے پہلے روز اپنے گروپ کے دونوں میچز جیت کر اگلے راؤنڈ تک ا پنی رسائی یقینی کر لی۔
بحرین میں ورلڈ ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ میں 15 ملکوں کے 43 پلیئرز شریک ہیں، پاکستان کے محمد آصف اور شاہد آفتاب نے ایونٹ کے پہلے روز اپنے دونوں میچز جیت لیے۔
گروپ سی میں شامل پاکستان کے محمد آصف نے اپنے دونوں میچز بغیر کوئی فریم ڈراپ کیے جیتے، پہلے میچ میں انہوں نے اومان کے ہیثم بن علی کو 3-0 سے ہرایا، دوسرے میچ میں انہوں نے آئر لینڈ کے جے چوپڑا کو مات دی۔
شاہد آفتاب کو دونوں میچز میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا، بیسٹ آف فائیو کے دونوں میچز انہوں نے فیصلہ کن فریم میں جیتے۔
دن کے پہلے میچ میں انہوں نے مصر کے محمد نویر کو اور دوسرے میچ میں کویت کے عبداللّٰہ الیوسف کو زیر کیا۔
پاکستان کے دونوں پلیئرز آج اپنے آخری گروپ میچز میں بھارتی پلیئرز سے مقابلہ کریں گے۔
بحرین میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں آئی بی یس ایف ورلڈ ماسٹر، انڈر 17، انڈر 21 اور مینز سکس ریڈ اسنوکر میچز 24 جولائی تک کھیلے جائیں گے۔