کراچی میں موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے خلاف جماعتِ اسلامی کے تحت موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔
نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی سے شروع ہونے والی ریلی کا اختتام برنس روڈ پر ہوا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ نمبر پلیٹ کے نام پر ظلم بند نہ کیا تو پولیس چوکیوں کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کو انفرا اسٹرکچر دینے کو تیار نہیں، سندھ حکومت سے پانی، بجلی اور سڑکیں مانگی جائیں تو یہ نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کا کہتے ہیں۔
منعم ظفر نے کہا کہ ہم محکمۂ پولیس کے کارندوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ رشوت خوری اور بھتہ خوری سے باز آ جاؤ، ایسا نہ ہو کراچی کے نوجوان پولیس چوکیوں کے باہر دھرنا دینے پر مجبور ہو جائیں، نمبر پلیٹ کے نام پر کرپشن کا دھندا فوری بند کیا جائے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ جہانگیر روڈ 4 دفعہ بنایا جا چکا ہے، کریم آباد انڈر پاس سندھ حکومت سے بنایا ہی نہیں جا رہا۔
کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام شہریوں کو پانی، بجلی، تعلیم اور سڑکیں فراہم کرنا ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، نمبر پلیٹ کے نام پر شہریوں سے بھتہ وصول کیا جارہا ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت سندھ حکومت نے تمام تر اختیارات و وسائل پر قبضہ کرلیا ہے۔