گھر میں جدت لانے والے رنگ

October 09, 2020

آپ نے لوگوں سے اکثر یہ کہتے سنا ہوگا کہ سفید،کریم اور بھورے رنگ کی دیواروںوالے کمرے دِکھنے میں بڑے لگتے ہیں اور یہ ایسے رنگ ہیں، جن سے آپ کبھی تنگ نہیں ہوتے۔اسی عمومی تاثرکے باعث انٹیریئر ڈیکوریٹرز اکثرگہرے رنگوں سے اجتناب کرتے ہیں، تاہم یہ ایک غلطی ہے۔ اگر ان کا درست طریقے سے استعمال کیا جائے تو گہرے تیز رنگ کمرے کو جدت بخشتے ہیں اور اس کے لیے کوئی اضافی خرچہ بھی نہیں کرنا پڑتا۔ انٹیریئر ڈیزائنرز کی جانب سے ایک تجویز دی جاتی ہے کہ دیوار کو پینٹ کرنے سے پہلے کچی گہری پنسل سے 8.5x11انچ کاغذ کے ٹکڑے پرمطلوبہ رنگ بھریں۔ اس کے بعد، اس کاغذ کو دیوار پر چسپاں کرکے کمرے کے ماحول اور طبیعت پر اس کے اثرات کو محسوس کریں۔

سیاہ رنگ

عموماً گھروں میں سیاہ رنگ کروانے سے گریز کیا جاتا ہے۔ ہرچند کہ، سیاہ رنگ کئی طرح سے کارگر رہتا ہے جیسے کہ یہ کمرے میں گرم جوشی پیدا کرسکتا ہے، کسی چیز کی کمی کو پورا کرسکتا ہے یا پھر کسی آرٹ ورک کو زبردست پسِ منظر فراہم کرسکتا ہے۔ سیاہ رنگ کو دیوار پینٹ کرنے، کسی آرٹ ورک کے گرد فریم بنانے اور باہر کی جانب کھلتی کھڑکی کے اطراف استعمال کیا جاسکتا ہے۔ سیاہ رنگ لکڑی کے فرش کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سفید رنگ

سفید رنگ بے مثال ہے اور یہ اس وقت مزید نکھر کر سامنے آتا ہے، جب اسے کالے یا کسی دیگر پختہ اور تیز رنگ کے ساتھ استعمال کیا جائے۔ یہ اسی طرح ہے، جیسے لپ اِسٹک چہرے کے رنگ کی دلکشی بڑھادیتی ہے۔

نیلا رنگ

گھر کے ہر کمرے کو ایک الگ پہچان اور مخصوص رنگ دینے کے بارے میں سوچیں۔ نیلا رنگ طبیعت کو بہت بھاتا ہے۔ یہ رنگ مہذب، جدیداور انتہائی پرُسکون ہونے کے ساتھ شاعرانہ مزاج لیے ہوئے ہوتا ہے، خصوصاً اس وقت جب اسے کالے رنگ کے ساتھ استعمال کیا جائے۔ ایک بات کا خاص خیال رکھیں کہ رنگ کرواتے وقت کونوں اور فنشنگ پر خصوصی توجہ دیں۔

سیاہ، سفید اورپیلا رنگ

یہ تین رنگوںکا ایک جادوئی امتزاج ہے، جو کمرے کو توانائی بخشتا ہے۔ خصوصاً اس وقت جب آپ گہرے، روشن اور گرمجوش پیلے رنگ کا انتخاب کریں۔ آپ یقیناً اس اسکیم پر عمل کرکے خوش ہوں گے اور لوگوں کی داد سمیٹیں گے۔

نامیاتی سبز رنگ

انٹیریئر ڈیزائنرز نے سبز رنگ کو فطرت کے قریب تر شیڈ یعنی نامیاتی سبز (آرگینک گرین) کو 2020ء کا رنگ قرار دیا۔ اس رنگ کو گھر میں دیکھ کر ’نئی تازگی کا احساس‘ ہوتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم اندر سے فطرت کے ساتھ وابستگی کی خواہش رکھتے ہیں۔ انٹیریئر ڈیزائنرز کے مطابق نامیاتی سبز رنگ کائناتی کشش رکھتا ہےاور اس میں دوسرے رنگوں کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی صلاحیت بھی پائی جاتی ہے۔

یہ رنگ ناصرف آپ کے باورچی خانہ کو نئی زندگی بخشتا ہے بلکہ یہ رنگ جہاں بھی استعمال کیا جائے تو وہ جگہ اچانک سے ہوادار اور کھُلی کھُلی محسوس ہونے لگتی ہے۔ اب لوگوں میں ’آؤٹ ڈور‘ کو گھر کے اندر لانے کا رجحان بڑھ رہا ہے اور فطرت کو گھر کے اندر نامیاتی سبز رنگ سے زیادہ بہتر کوئی اور رنگ نہیں لاسکتا۔

آرائش بخشنے والے رنگ

ہلکا گلابی رنگ، اگر اسے ستائشی رنگ (Accent Color)کے طور پر استعمال کیا جائے تو یہ گہرے فیروزی رنگ کے ساتھ مل کر حیران کن نتائج دے سکتا ہے۔ گلابی رنگ عمدگی اور نرمی کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ سب کے لیے اور اپنے لیے پیار کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔ اس کے برعکس فیروزی رنگ منفرد، کلاسک اور اعلیٰ ذوق کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

برنٹ اورنج اور چارکول رنگ

یہ رنگوں کا ایک ایسا ملاپ ہے، جو جدید انٹیریئر ڈیزائننگ کو پسند کرنے والے اکثرلوگوں میں مقبول ہے۔ ان دونوں رنگوں کا امتزاج بیڈروم اور گیسٹ روم کے لیے بہترین ہے یا پھر ایسی جگہ جہاں کشادگی کا احساس پیدا کرنامقصود ہو۔ رنگوں کے اس ملاپ کی ایک اور خاصیت یہ بھی ہے کہ انٹیریئر ڈیزائنرز اسے جینڈر نیوٹرل قرار دیتے ہیں۔

ہلکے سے گہرے رنگ

اپنے کمرے کو مختلف رنگوں کے امتزاج سے سجانے کا یہ ایک اور بہترین طریقہ ہے۔ کمرے میں رنگ کروانے کے لیے پہلے چھت پر ہلکے رنگ سے شروع کریں اور فرش تک پہنچتے پہنچتے بتدریج گہرے رنگوں کا استعمال کریں۔ مثلاً چھت کو کریم رنگ دینے کے بعد اس کے کنڑاسٹ کے طور پر چھت میں لکڑی کے پینلز کا استعمال کریں۔ دیواروں پر تھوڑا سا گہرا رنگ استعمال کرتے ہوئے فرش پر اسی رنگ کے مزید گہرے شیڈ کا انتخاب کریں۔ فرش پر کنٹراسٹ کے لیے اس پر سفید پیٹرن والا ڈیزائن پینٹ کروائیں۔