میرا ٹک ٹاک اکاؤنٹ نارمل چل رہا ہے، جنت مرزا

October 10, 2020

پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کا کہنا ہے کہ وہ جاپان میں ہیں اور اُن کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بالکل نارمل چل رہا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارتی (پی ٹی اے) کی جانب سے میوزک اینڈ سوشل ایپ ٹک ٹاک پر ملک بھر میں پابندی کے بعد ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

جنت مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں جاری کردہ پیغام میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’میں اس وقت جاپان میں ہوں اور یہاں میرا ٹک ٹاک اکاؤنٹ نارمل چل رہا ہے، اس لیے مجھے کسی وی پی این کی ضرورت نہیں۔‘

ٹک ٹاک اسٹار نے مداحوں سے کہا کہ ’میں اپنی نئی ٹک ٹاک ویڈیوز اپ لوڈ کرتی رہوں گی، اگر آپ میری ٹک ٹاک ویڈیوز دیکھنا چاہتے ہیں تو وی پی این آن کرلیں۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’جب تک پاکستان میں ٹک ٹاک سے پابندی ختم نہیں ہوتی تب تک میرے جاپانی مداح میری ویڈیوز سے لطف اندوز ہوں گے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارتی (پی ٹی اے) نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر عوامی شکایات کے باعث پابندی لگادی ہے۔

پی ٹی اے ترجمان کے مطابق پاکستان میں ٹک ٹاک ایپ بند کرنے کا فیصلہ غیر اخلاقی مواد کے باعث کیا گیا ہے۔

ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک چینی کمپنی کی پروڈکٹ ہے جو دنیا بھر میں 40 زبانوں میں دستیاب ہے اور جو پاکستان سمیت دنیا بھر کے نوجوانوں میں بے پناہ مقبول ہے۔

خیال رہے کہ جنت مرزا گزشتہ دنوں ہی ٹک ٹاک پر ایک کروڑ فالوورز رکھنے والی پہلی پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار بنی ہیں، پاکستان کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی جنت مرزا نے ملک کا نمبر ون ٹک ٹاک ماڈل ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔