شاہی محل میں گھٹن تھی، بولنے پر قصداً خاموش کروایا گیا، میگھن مارکل

October 14, 2020

برطانوی شاہی خاندان کے سینیئر رکن اور ملکہ الزبیتھ کے پوتے پرنس ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل نے انکشاف کیا ہے کہ شاہی محل کے اندر گھٹن سی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ شاہی خاندان سے الگ ہونے سے قبل بکنگھم پیلس میں کس طرح ان کی آواز کو دبا دیا گیا۔

ایک امریکی میڈیا ادارے فارچون سےاپنی رہائش گاہ مونٹی سیٹو سانتا باربرا سے گفتگو کرتے ہوئے میگھن کا کہنا تھا کہ جب ان کی شہزادہ ہیری سے 2018 میں شادی ہوئی تو انھیں محل میں قصداً خاموش کروادیا گیا، حالانکہ وہ سمجھتی ہیں کہ ان کا مختلف معاملات پر بولنا کتنا اہم تھا لیکن انھیں اس کی اجازت نہ تھی۔

میگھن نے انٹرویو کے دوران لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنی آواز ضرور اٹھایا کریں، حالانکہ شاہی خاندان کے فرد کی حیثیت سے وہ خود ایسا نہ کرسکیں۔

فارچون کی ایسوسی ایٹ ایڈیٹر ایما ہنکلف کے ایک سوال پر میگھن نے کہا کہ آپ کی آواز اور گفتگو اہم ہوتی ہے اور اس کا احساس اس وقت زیادہ ہوتا ہے جب آپ اس کا استعمال نہ کرسکیں۔