نعتِ رسولﷺ

October 25, 2020

چاند،سورج، پھول، غنچہ اور ستارا آپؐ کا

یا نبی ؐہے مدح خواں عالم یہ سارا آپ ؐکا

دے دی اپنے نام کی نسبت ہمارے نام کو

کس قدر مضبوط ہے رشتہ ہمارا ،آپؐ کا

آپ ہی تو صاحبِ لولاک ہیں یا مصطفیٰ

ہے دو عالم کی ہر اک شئے استعارہ آپؐ کا

اُمّتِ عاصی کی بخشش کی سند کردی عطا

رب نے یوں معراج میں صدقہ اُتارا آپؐ کا

آپؐ کے فاقوں میں پنہاں تھا قناعت کا سبق

ورنہ تھا زر کے لیے کافی اشارہ آپؐ کا

یہ شہنشاہی کہ دنیا حشر تک دے گی خراج

فاقہ مستی میں ہوا پھر بھی گزارا آپؐ کا

الاماں ہیں نیکیوں سے ہاتھ خالی یا نبیؐ

’’عاصیوں کو ہے سرِ محشر سہارا آپؐ کا‘‘

ظلمتِ باطل ہوئی کا فور دنیا سے ذکیؔ

ہو گیا ہے نورجس دَم آشکارا آپؐ کا

(ذکی طارق بارہ بنکوی، بھارت)