بیلجیئم: کورونا کے روزانہ 12 ہزار مریض رپورٹ ہورہے ہیں

October 23, 2020

بیلجیئم میں عالمی وباء کورونا وائرس سے گزشتہ 4 دن سے 12 ہزار نئے مریض روزانہ سامنے آ رہے ہیں جس کے باعث بیلجیئم کے 10 میں سے 9 صوبوں میں صورتحال آلارم لیول 4 تک جا پہنچی ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز اس وائرس سے متاثر ہوکر 49 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 16 سے 22 اکتوبر کے درمیان بیلجیئم میں کورونا وائرس سے اموات کی اوسط شرح 35 سے زائد رہی ہے۔ ملک میں اس وقت ہر ایک لاکھ آبادی پر پازیٹو افراد کی تعداد 1013 افراد ہے۔

16 سے 22 اکتوبر کے دوران ہی 350 افراد روزانہ اسپتال میں داخل ہوتے رہے ہیں جبکہ گزشتہ روز 496 نئے مریضوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ اس صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم الیگزینڈر دی کرو کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی نے اس پھیلاؤ کی راہ میں بند باندھنے کے لیے مزید نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ اس ہفتے پیر کے روز سے ملک بھر میں بار کیفے اور ریسٹورنٹس پہلے ہی سے بند ہیں۔ نئے اقدامات کے تحت اسپتالوں میں تمام کم ایمرجنسی کے آپریشن کم از کم ایک ماہ کے لیے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ کھیل کے لیے ہر گھر سے ایک وقت میں ایک شخص حصہ لے گا اور تمام کھیل تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔ 12 سال کی عمر سے زائد ہر شخص سوشل ڈسٹینسنگ کا خیال رکھے گا۔

پبلک ٹرانسپورٹ میں پہلے سے کم لوگ سوار ہوں گے جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں تعلیم جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

ہائر ایجوکیشن کےلیے کلاسوں میں ایک وقت میں 20 فیصد سے زائد طلبہ نہیں ہوں گے اور جوہوں گے وہ ماسک کے ساتھ شریک ہوں گے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بلا وجہ نقل و حرکت سے پرہیز کریں۔