ٹک ٹاک کی بحالی سے سکون ملا: جنت مرزا Jannat Mirza

October 23, 2020

پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک ماڈل جنت مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کی بحالی سے سکون ملا، اب وہ بے حد خوش ہیں۔

جنت مرزا نے انسٹاگرام پر اپنے چاہنے والوں کے سوالوں کے جواب دئیے، جس میں انہوں نے پاکستان میں ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے ایک صارف کے خیال سے اتفاق بھی کیا، جنت کی ایک پرستار نے کمنٹ میں لکھا کہ پہلے اندھیرے سے ڈر لگتا تھا اب اندھیرے میں سکون ملتا ہے، اس خیال سے جنت نے بھرپور اتفاق کیا۔

خیال رہے کہ جنت مرزا ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک پر ایک کروڑ فالوورز رکھنے والی پہلی پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار ہیں، پاکستان کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی جنت مرزا نے ملک کی نمبر ون ٹک ٹاک ماڈل ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔

ٹک ٹاک اسٹار کا کہنا تھا کہ ’کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں شوق شوق میں یہاں پہنچ جاؤں گی، جب آپ کسی سے حسد نہیں کرتے تو صلہ مل ہی جاتا ہے۔‘

حال ہی میں جنت مرزا نے بلال سعید کے گانے ’شاعر‘ کی ویڈیو میں محمد علی جوش کے ساتھ میوزک ویڈیو میں ڈیبیو کیا تھا۔


یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ معروف پاکستانی فلم ساز سید نور ملک میں پنجابی فلم سنیما کی بحالی میں کردار ادا کرتے ہوئے جلد ایک نئی فلم شائقین کے لیے پیش کریں گے جس کی ہیروئن کا کردار ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا ادا کریں گی۔