گھروں کو ٹھنڈا رکھنے کیلئے کیسے تعمیر کیا جائے؟

October 25, 2020

دنیا بھر میںگلوبل وارمنگ کی وجہ سے گرمی کی شدت میں ہونے والا اضافہ لوگوںکے لیے پریشانی کا باعث ہے۔ ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ حال اور مستقبل میں گرمی کی شدید لہر وںسے بچنے کے لیے اپنے گھروں کی تعمیر میں بنیادی تبدیلیاں لائی جائیں۔ شاید مغرب کے سرد ملکوں کا طرزِ تعمیر اور گھروں کے ڈیزائن پاکستان جیسے ملک کے لیے سودمند نہیں ہیں۔

ہمیں اپنے گھروں کی تعمیر اس طرح کرنی چاہیے کہ اس میں اسٹائل اور ڈیزائن پر بھی سمجھوتہ نہ ہو اور ماحولیاتی اثرات کو بھی پیشِ نظر رکھا جائے۔ کائنات کا ایک ’ماحولیاتی نظام‘ ہے، جس میں توازن برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔

ہم نے بے ہنگم تعمیرات اور درختوں اور جنگلات کو کاٹ کر اس توازن کو بُری طرح بگاڑ دیا ہے، جس کے باعث درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم گھروں کی تعمیر اور ڈیزائن میں بنیادی باتوں کا خیال رکھیں ۔ اس کے علاوہ، آپ اپنے پہلے سے تعمیر شدہ مکان کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کیا کرسکتے ہیں؟ آئیے چند بنیادی اور مفید باتوں کا جائزہ لیتے ہیں۔

روشنی کا انتظام

گھر کی تعمیر میں اس بنیادی بات کو ہرگز نظرانداز نہ کریں کہ گھر میں قدرتی روشنی وافر مقدار میں اور دن کے زیادہ تر اوقات میں آتی رہے۔ اکثر لوگ گھر کے تعمیری رقبہ اور کمروں کے سائز کو بڑا رکھنے کے لیے گھر کے بنیادی ڈیزائن اور ماحولیات کو نظرانداز کردیتے ہیں، جس کے منفی اثرات بعد میں سامنے آتے ہیں۔ چاہے آپ گھرکی تعمیر کروا رہے ہوں یا تعمیر شدہ گھر خرید رہے ہوں، آپ آنے والا ایک لمبا عرصہ اس گھر میں گزارنے جارہے ہوتے ہیں، ایسے میں گھر میں اس فیچر کو ہرگز نظرانداز نہ کریں، کیوں کہ آپ کا اسے ابھی نظرانداز کرنا بعد میں مسائل کھڑے کرے گا۔

ہوا کی آمدورفت

پانی، روشنی اور ہوا زندگی کی بنیادی ضروریات میں سے ہیں۔ گھر کے لیے ہم نے قدرتی روشنی کی اہمیت پر تو بات کرلی، اب بات کچھ ہوا کی کرلیتے ہیں، جو کہ آپ کے گھر کے لیے اتنی ہی اہمیت کی حامل ہوتی ہے جتنی کہ قدرتی روشنی۔ گھر میں ہوا کی آمدورفت کے انتظام سے آپ کو کئی فائدے حاصل ہوتے ہیں۔ پہلی اور بنیادی بات تو یہ ہے کہ ہوا کے آنے سےگھر میں حبس نہیں ہوگا اور گھر کا درجہ حرارت نسبتاً ٹھنڈا رہے گا۔

اس کے علاوہ، گھر اور اس کے مکینوں کو تروتازہ اور صحت مند رکھنے کے لیے گھر میںتازہ ہوا کی آمدورفت انتہائی مفید ہے۔ تاہم، اس بات کا خیال رکھیں کہ ہوا گھر کے ہر کونے تک پہنچے، اس کے لیے آپ گھرمیں ایسے پینلز کا استعمال کرسکتے ہیں، جن سے ٹکرا کر ہوا کا رُخ گھر کے مختلف کونوں تک پھیل جائے، جہاں بصورت دیگر ہوا نہ پہنچ رہی ہو۔

کھڑکیوں کا استعمال

اپنے گھر کے ڈیزائن میں کھڑکیوں کو شامل کریں۔ اگر گھر کے کسی کمرے میں باغیچے اور صحن کے ذریعے روشنی اور ہوا لانا مشکل ہوتو اس کمرے میں کھڑکی لگانے پر غور کریں۔ ساتھ اس بات کا بھی جائزہ لیں کہ کمرے میں کس جگہ کھڑکی شامل کی جائے کہ وہاں سے زیادہ سے زیادہ روشنی اور ہوا کمرے میں داخل ہو۔ ایسی کھڑکی عموماً دو یاتین تہوں والی ہونی چاہیے۔

سب سے بیرونی تہہ باریک جالی والی ہو، جس سے ہوا کا گزر ہوجائے تاہم باہر سے مچھر اور کیڑےوغیرہ اندر داخل نہ ہونے پائیں۔یہ تہہ فکسڈ ہونی چاہیے۔ درمیانی تہہ فولڈنگ ہو، جو کُھل اور بند ہوسکے۔ تیسری تہہ لکڑی کی ہوسکتی ہے، جسے اس وقت استعمال کیا جائے، جب روشنی اور ہوا، دونوں کی کمرے میں ضرورت نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے پردے کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔

سبزہ اُگائیں

گھر میں جتنا زیادہ ممکن ہو، سبزے کو جگہ دیں۔ سبزے کے لیے باغیچہ تو ہوتا ہی ہے، تاہم اس کے علاوہ بھی سبزے کو گھر میں شامل کریں۔ جیسے دورِ جدید میں دیواروں اور چھتوں پر باغبانی کا رجحان زور پکڑ رہا ہے۔ اس طریقے سے گھروں کو ٹھنڈا رکھنے میں کافی مدد ملتی ہے۔گھر کی چھت پر آپ سبزیاں بھی اُگا سکتے ہیں، اس طرح آپ کو صحت مند اور خالص غذا بھی حاصل ہوگی۔

آرائشی سامان

گھر میں فرنیچر، آرائشی اشیا اور عام استعمال کے سامان کا ہونا فطری امر ہے، تاہم ان چیزوں کا ذہانت مندانہ استعمال بھی ایک آرٹ ہے۔ اپنے گھر کو ان چیزوں سے ضرورت سے زیادہ نہ بھردیں، بلکہ کوئی بھی چیز خریدنے سے پہلے یہ اچھی طرح سوچ لیں کہ اس کی گھر میں واقعی ضرورت ہے بھی یا نہیں۔

زیادہ سامان سے بھرا ہوا گھر روشنی کی آمدورفت کے لیے آئیڈیل نہیں ہوتا اور بعض اوقات ہم غلط پلاننگ کے باعث فرنیچر، الماریاں اور دیگر آرائشی اشیا ایسے گوشوں اور مقامات پر سجا دیتے ہیں، جہاں سے ہوا اور روشنی کا گُزر ہوتا ہے۔ گھر کے ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے آرائشی سامان اور اشیا کے معاملے میں منیملسٹ (Minimalist) سوچ کو اپنائیں۔

ماحول دوست فکسچرز

گھر میں بجلی پر چلنے والی لائٹس کے لیے ایسی لائٹس کا انتخاب کریں جو ماحول دوست ہوں اور جن کی روشنی سے گھر یا کمرے میں تپش پیدا نہ ہوتی ہو۔ اگر بجٹ اجازت دے تو، فرش کے لیے لکڑی کا انتخاب کریں، جو گھر کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے بہترین ثابت ہوتی ہے۔