بچوں میں پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت

October 25, 2020

بچوں کو بچپن سے ہی سیکھنے کی طرف راغب کرنا ضروری ہے کیونکہ اس وقت ان کا دماغ تیزی سے کام کرتا ہے اوران کے سیکھنے کی صلاحیت عروج پر ہوتی ہے۔ اگربچوںکو ابتدا سے ہی سیکھنے کی اہمیت اور لکھنے کی مشق کے بارے میں تربیت دی جائے تو یہ ان کی باقی زندگی کے لئے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ پرائمری اسکول میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران ایک بچہ بہت سے طریقوں سےسیکھتا چلا جاتا ہے۔ بچے میں سیکھنے اور سوچنے کی عادت پیدا کرنے کے لئے یہ دور بہت اہم ہوتا ہے، جس میں چھوٹے بچوں کی شعوری ترقی شروع ہوتی ہے۔ علمی نشوونما میں زبانیں، قوی یادداشت، منصوبہ بندی کرنے اور کام پر دھیان دینے جیسی مہارتیں سیکھنا شامل ہوتی ہیں۔

ان ابتدائی برسوں میں والدین کو بھی اپنا کردار اداکرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ مختلف سرگرمیوں کی مدد سے وہ بچوں کو نئی چیزیں سیکھنے کی طرف راغب کرسکتے ہیں۔ تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ چھوٹے بچوں کی تربیت کرنا والدین اور اساتذہ کے لیے آسان کام نہیں۔ مختلف سرگرمیوں اور کھیلوں کے ذریعے ہم بچوں کو سیکھنے کی طرف راغب کرسکتے ہیں۔ بچوں کو کبھی کبھی ایک وقت میں مختلف چیزیں سیکھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ ان کی عادت کا حصہ بن جاتی ہیں۔

فوری خواندگی

فوری خواندگی (Emergency Literacy)کی اصطلاح کی وضاحت یوںکی جاتی ہے کہ بچہ کچھ سیکھنے کی حالت میں ہوتا ہے مگر وہ کسی چیز کو لکھنے یا پڑھنے کی پوزیشن میں نہیں ہوتا۔ فوری خواندگی وہ عمل ہے جو بچے کی پیدائش سے شروع ہوتا ہے اور اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک روایتی معنوں میں بچہ لکھنے یا پڑھنے کی تربیت نہ حاصل نہ کرلے ۔ یہ اصطلاح نفسیات ، لسانیات ، سماجیات اور تعلیم کے میدان میں مستعمل ہے۔ دراصل پڑھنے اور لکھنے کا عمل کسی بھی فرد کی نو عمری میں شروع ہوتا ہے۔ بچہ شروع ہی سے مختلف قسم کے مواصلات کے ذریعے رابطہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

مشاہدے میں آتا ہے کہ زیادہ تر بچے دو یا تین سال کی عمر میں مختلف علامات کو پہچاننا شروع کردیتے ہیں۔ یہ اس حقیقت کی وجہ سے ہے کہ ہر بار بچوں کا ذہن مختلف چیزوں کو سیکھنے اور بات چیت کرنے کی حالت میں رہتا ہے۔ ہر بچہ ایک دوسرے سے مختلف ہوتا ہے، کوئی بچہ لکھنے میںدشواری محسوس کرتا ہے تو کوئی پڑھنے میں۔ تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ زیادہ تر بچوں کو ابتدائی عمر میں پڑھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم وہ جلد لکھنا شروع کردیتے ہیں۔

خواندگی کا حصول کیسے؟

چھوٹے بچوں کے لئے خواندگی کا حصول آسان عمل نہیں ہے۔ اگرچہ ، بچہ اپنے پانچ حواس کا استعمال کرکے تمام چیزوں کا مشاہدہ شروع کردیتا ہے مگر پھر بھی اس کی رہنمائی ضروری ہے۔ رہنمائی اور تربیت کے ذریعے بچہ آسانی سے سیکھتا ہے۔ خواندگی کے حصول میں بالخصوص دوسری زبان سیکھنے کے معاملے میں بچے کو مختلف مسائل درپیش ہوتے ہیں۔

عموماً چھوٹے بچوں کے لئے مختلف زبانیں سیکھنا ایک بہت بڑا مسئلہ بن جاتا ہےکیونکہ یہ ضروری نہیں کہ ہر بچے کی ذہنی حالت یکساں ہو۔ لہٰذا، تمام بچوں پر یکساں حکمت عملی کا اطلاق نہیں کیا جاسکتا۔ کچھ بچے چیزوں کو جلدی نہیں سیکھ پاتے اس لئے ان میں سیکھنے کے احساس کو فروغ دینے کے لیے متبادل تکنیک کو استعمال کرنا ضروری ہوجاتاہے۔

لکھائی سکھانا

دنیا میں لکھنے کے مختلف طریقے موجود ہیں۔ یہ ضروری نہیں کہ ہر شخص لکھنے کے تمام طریقوں کے بارے میں جانتا ہو۔ عام طور پر زیادہ تر لوگ لکھنے کے ایک یا دو طریقوں کو ہی جانتے ہیں۔ بچوں کو لکھائی کے مختلف طریقے سکھانے کے لیے ابتدائی عمر سے ہی ان کی تربیت کرنا بہتر رہتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر والدین چاہتے ہیں کہ ان کا بچہ انگریزی لکھنے کے کسی ایک طریقے سے واقف ہوجائے تو انہیں ابتدائی عمر میں ہی انگریزی تحریری حروف کے بارے میں اس کی رہنمائی کرنی ہوگی۔

کسی خاص زبان کو لکھنے کے لیے مخصوص تحریری نظام استعمال کیا جاتا ہے۔ تحریری نظام عام طور پر اسکرپٹ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ دوسری طرف مختلف علامتیں بھی بچوں کو زبان کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنے کے لئے استعمال کی جاتی ہیں۔ بچے کا لکھائی سیکھنا زبان کے انداز اور اسکرپٹ پر منحصر ہوتا ہے، آپ بچے کو اپنی زبان کے بارے میں تعلیم دے سکتے ہیں۔

اگر ہم انگریزی تحریری نظام کی مثال لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ اس کا آغاز بائیں سے دائیں جبکہ اردو طرزِ تحریر اس کے بالکل الٹ یعنی دائیں سے بائیں طرف ہوتا ہے۔ لہٰذا ، والدین کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ چھوٹے بچے کو ان بنیادی باتوں کے بارے میں سکھائیں۔ فرض کریں ، آپ اردو پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے بچے کو اردو تحریری نظام سے روشناس کرواتے ہیں، تب آپ کے لئے ضروری ہے کہ عربی تحریری نظام پر بھی توجہ دیں۔ آپ کو ان کتابوں اور کارڈز کا انتخاب کرنا چاہئے جن پر عربی الفاظ لکھے گئے ہوں تاکہ آپ کا بچہ اردو کے ساتھ ان الفاظ کو بھی پہچاننے لگے۔