• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے مسلم لیگ ن کا وفد سکھر پہنچ گیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

سابق وزیرِ اعظم بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب میں شرکت کے لیے مسلم لیگ ن کا وفد سکھر پہنچ گیا۔

مسلم لیگ ن کے وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، رانا ثنا اللّٰہ اور طارق فضل چوہدری شامل ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں.

ایاز صادق کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد ملک کو مستحکم کرنا ہے، پیپلزپارٹی اور دیگر اتحادیوں کے ووٹ سے اسپیکر قومی اسمبلی بنا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کا لمبی اننگ کھیلنے کا ارادہ ہے، سیاست میں پیپلزپارٹی سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جماعتیں ملک کی بہتری کے لیے کام کریں گی، 28 ویں ترمیم آنے کی کوئی اطلاع نہیں، مجھے علم نہیں کہ 28 ویں ترمیم آرہی ہے۔ آصف زرداری سمیت پی پی رہنماؤں سے پرانی رفاقت ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو جیل میں جتنی سہولتیں ملیں تاریخ میں شاید کسی اور کو ملی ہوں، وزیراعظم نے بار بار کہا کہ ہم ڈائیلاگ کے لیے تیار ہیں، پی ٹی آئی مذاکرات چاہتی ہے تو انہیں اسمبلی آنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بار بار کہا ہے کہ ڈائیلاگ کے لیےتیار ہیں، مگر پی ٹی آئی کو یہ فیصلہ کرنا پڑے گا، میں نے بھی کہا ہے میرا دفتر تیار ہے مذاکرات کے لیے۔

دوسری جانب رانا ثناء اللّٰہ نے گفتگو کے دوران کہا کہ جمہوریت ڈائیلاگ سے آگے بڑھتی ہے ڈیڈلاک سے نہیں، ن لیگ نے ہمیشہ کوشش کی کہ سیاسی جماعتیں مذاکرات کی میز پر بیٹھیں، بانیٔ پی ٹی آئی شروع سے سیاسی مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کے سربراہوں سے متعلق وہ برے انداز میں گفتگو کرتے ہیں، وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کو پنجاب میں مکمل پروٹوکول دیا گیا ہے، ایک جماعت ملک میں مسلسل سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ سیاسی طور پر یقین ہے مذاکرات سے معاملات حل ہوتے ہیں، ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مذاکرات سے معاملات حل کریں، بانی پی ٹی آئی کا رویہ ہمیشہ سے رہا ہے کہ وہ سیاسی ڈائیلاگ پر یقین نہیں رکھتے، بانیٔ پی ٹی آئی پر پابندی قانون کے مطابق ہے، اگر پی ٹی آئی مذاکرات چاہتی ہے تو ہم تیار ہیں۔

قومی خبریں سے مزید