نیہا ککڑ کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا

October 24, 2020

بالی وڈ کی معروف گلوکارہ نیہا ککڑ اور گلوکار روہن پریت سنگھ کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے جس میں گزشتہ روز اُن کی ہلدی کی رسم کی گئی جس کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔

اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے خبروں کی دُنیا میں آج کل سب سے آگے نظر آنے والی بالی وڈ گلوکارہ نیہا ککڑ کی گزشتہ روز ہلدی کی رسم کی تقریب منعقد کی گئی تھی جس کی تصویریں اُنہوں نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ کی ہیں۔


انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی تصویروں میں نیہا ککڑ نے ہلدی کی تقریب کی مناسبت سے پیلے رنگ کی ساڑھی زیب تن کی ہوئی ہے جبکہ اُن کے ہونے والے شوہر روہن پریت سنگھ نے پگڑی کے ساتھ پیلا کُرتا پہنا ہوا ہے۔

نیہا ککڑ کی جانب سے پوسٹکی جانے والی پہلی تصویر میں دونوں گلوکار محبت بھری نگاہوں سے ایک دوسرے کی طرف دیکھ کر مُسکرا رہے ہیں جبکہ اگلی تصویر میں روہن اپنی ہونے والی اہلیہ کی پیشانی پر بوسہ دے رہے ہیں۔

گلوکارہ کی ایک تصویر میں روہن پریت اُن کے بالوں میں پھول لگا رہے ہیں جبکہ کچھ تصویروں میں اُنہوں نے نیہا ککڑ کو گلے سے لگایا ہوا ہے۔

نیہا ککڑ نے انسٹاگرام پر تصویریں پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’نیہو پریت کی ہلدی کی تقریب۔‘

بالی وڈ گلوکارہ کی پوسٹ پر اُن کے بھائی ٹونی ککڑ سمیت دیگر بھارتی فنکاروں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیہا ککڑ اور روہن پریت سنگھ کی شادی کی تقریب 24 اکتوبر یعنی آج دہلی میں ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نیہا ککڑ نے وہ تصویریں انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں جب گلوکار روہن پریت سنگھ نے اُنہیں شادی کے لیے پروپوز کیا تھا۔

نیہا ککڑ نے تصویریں پوسٹ کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ ’یہ وہ دن تھا جب روہن نے مجھے شادی کے لیے پروپوز کیا تھا۔‘

بالی وڈ گلوکار نے اپنے ہونے والے شوہر سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا تھا کہ ’تمہارے ساتھ میری زندگی اور خوبصورت ہوگئی ہے۔‘