راج کپور کی حویلی مالکان کا حکومت سے 2 ارب روپے وصول کرنیکا فیصلہ

October 26, 2020

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پشاور میں واقع دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ خیبرپختونخوا کے محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق حکومت، دلیپ اور راج کپورکے گھروں کو خرید کر وہاں تزئین و آرائش کے بعد دونوں جگہوں کو میوزیم میں تبدیل کرکے سیاحت کو فروغ دے گی۔تاہم اب کپور حویلی سے متعلق پشاور ہی کے ایک خاندان کا دعویٰ ہے کہ یہ حویلی ان کے والد حاجی خوشحال رسول نے ماضی میں ایک سرکاری نیلامی میں خریدی تھی اور بعد میں یہ حویلی ان کے 5 بیٹوں کے زیرِ ملکیت آئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حویلی کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والے حاجی خوشحال رسول کے ایک بیٹے علی قادر کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کپور حویلی کے عوض حکومت خیبرپختونخوا سے2ارب روپے وصول کریں گے۔علی قادر نے کہا کہ یہ ایک قیمتی حویلی ہے، اس کی مثال نوادرات کی ہے اور نوادرات ہمیشہ مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کپور حویلی میں 35 کمرے ہیں اور ہر کمرے میں دیوار کے لیے لکڑی استعمال ہوئی ہے۔علی قادر نے کہا کہ ہم نے برسوں اس حویلی کی حفاظت اور مرمت کی ہے اور اگر صوبائی حکومت ہمیں مطلوبہ رقم نہیں دے سکتی تو پھر ہم اسے منہدم کرکے ایک کمرشل پلازہ بنائیں گے۔دوسری جانب کپور حویلی کو خریدنے سے متعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمہ آثار قدیمہ کے ڈائریکٹر عبدالصمد خان نے بتایا کہ اس حویلی کو سرکاری ملکیت بنانے کے لیے ایک باقاعدہ طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے۔