دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی غیر انسانی حرکات کا نوٹس لے، عرفان احمد

October 27, 2020

سٹا ک ہوم(کاشف عزیز بھٹہ ) کشمیر بلیک ڈے کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان سٹاک ہوم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں سفارتخانے کے حکام جن میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن عرفان احمد، تھرڈ سیکرٹری رزاق تھیبو ،اکاؤنٹنٹ راشد بھٹی و دیگر عملہ سمیت کشمیری اور پاکستانی مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور مظلوم کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔تقریب سے ڈپٹی ہیڈ آف مشن عرفان احمد نے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ۔ عرفان احمد نے خطاب میں کہا کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی غیر انسانی حرکتوں اور درندگیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی کاوشوں کی وجہ سے سویڈن میں کشمیریوں کی حمایت میں تیزی آرہی ہے۔ تقریب سے کشمیر کمیٹی سویڈن کے صدر عامر ندیم ،انفارمیشن سیکرٹری ملک عامر جبار ، ملک ایوب اور دیگر نے بھی خطاب کیااور کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔