انصار عباسی
اسلام آباد … قومی احتساب بیورو (نیب) کے بڑے پیمانے پر تشہیر کردہ 179 میگا کرپشن کیسز میں اب تک صرف 2 سزائیں سنائی جا سکی ہیں، جبکہ 21ریفرنسز میں ٹرائل جاری ہے۔ یہ تازہ ترین اعداد و شمار نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سید احتشام قادر نے خصوصی طور پر دی نیوز کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔ مقدمات کی تازہ ترین صورتحال سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس وقت نیب کے ریکارڈ میں 86 ریفرنسز درج ہیں جن میں سے 41 نیب کے قانون میں تبدیلیوں کے باعث منتقل یا واپس کیے جا چکے ہیں، 21 میں ٹرائل جاری ہے، 6 مقدمات بریت پر ختم ہو چکے ہیں، 3 واپس لیے جا چکے ہیں، ایک نمٹا دیا گیا، ایک زیرِ تفتیش ہے، 4 غیر فعال ہیں، 2 ختم ہو چکے ہیں جبکہ 5 اپیل کے مرحلے میں ہیں۔ اب تک صرف 2 مقدمات میں سزائیں سنائی گئی ہیں۔