اورنج لائن کی تکمیل سی پیک کا اہم حصہ ہے: چین

October 27, 2020


چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تکمیل سی پیک منصوبے کا اہم حصہ ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے یہ بات اورنج لائن ٹرین منصوبے اور سی پیک سے متعلق جاری کیئے گئے ایک بیان میں کی ہے۔

ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اورنج لائن منصوبہ پاک چین شراکت داری کا مظہر ہے، چین سی پیک کے منصوبوں پر پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ اتوار 25 اکتوبر کو لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اورنج لائن ٹرین کا افتتاح کر دیا ہے۔

افتتاح سے قبل چین سے آئے ہوئے ماہرین نے پاکستانی ڈرائیورز کو ٹرین چلانے کی تربیت دی۔

اورنج لائن ٹرین لاہور میں صبح ساڑھے 7 بجے سے رات ساڑھے 8 بجے تک چلائی جائے گی، جس کا یک طرفہ کرایہ 40 روپے رکھا گیا ہے۔

ٹرین کی صفائی کا کام لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو سونپا گیا ہے، بجلی سے چلنے والی ٹرین کو 8 گرڈ اسٹیشن بجلی مہیا کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مستقبل میں ٹرین کا آپریشن ٹائم 16 گھنٹے تک بڑھانے کا منصوبہ ہے، ٹرین کے تمام راستوں پر اور ٹرین کے اندر کیمرے نصب ہیں۔

اورنج لائن ٹرین کا ٹریک 27 اعشاریہ 1 کلومیٹر طویل اور 26 اسٹیشنز پر مشتمل ہے، یہ منصوبہ 5 سال کے عرصے میں مکمل ہوا ہے۔