پشاور دھماکا، سندھ پولیس کو الرٹ رہنے کا حکم

October 27, 2020

پشاور کی دیر کالونی میں آج صبح ہونے والے بم دھماکے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر آئی جی سندھ مشتاق مہر نے سندھ بھر میں پولیس کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

آئی جی سندھ مشتاق مہر نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ صوبائی سطح پر سیکیورٹی کے تمام تر انتظامات کو مزید سخت کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ پولیس پیٹرولنگ، پکٹنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مؤثر اور کامیاب بنایا جائے۔

آئی جی سندھ مشتاق مہر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز علاقوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر سیکیورٹی کو غیر معمولی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کوہاٹ روڈ پر واقع مسجد و مدرسے میں آج صبح دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد شہید جبکہ 112 زخمی ہو گئے۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ ) کے ترجمان کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے بتایا کہ اسپتال میں آنے والے 40 سے زائد معمولی زخمیوں کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ زیادہ تر زخمیوں کو برن یونٹ اور ای این ٹی وارڈز میں شفٹ کیا گیا ہے۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے دیر کالونی دھماکے کے 96 زخمیوں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔

خیبر ٹیچنگ اسپتال حکام کے مطابق دھماکے کے 4 زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال سے بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔