کورونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے، معاون خصوصی صحت

October 27, 2020


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے باعث اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح ڈھائی سے پونے تین فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث پابندیوں کو سخت کرنا ناگزیر ہوتا جارہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ کاروباری سرگرمیوں اور تقریبات کے اوقات کار میں کمی کے لیے مشاورت جاری ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ اگلے ایک دو روز میں واضح سفارشات سامنے آجائیں گی۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کل تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد سفارشات سامنے لائیں گے۔