سکھر: نان بائیوں کا سرکاری نرخ پر روٹی کی فروخت سے انکار

October 28, 2020


نان بائی ایسوسی ایشن نے سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنے سے انکار کردیا ہے۔

سکھر میں نان بائی ایسوسی ایشن نے شہر بھر میں ہڑتال کرتے ہوئے تندور بند کردیے ہیں۔

اے ڈی سی سکھر عدنان رشید کے مطابق شہر میں مہنگی روٹی کی فروخت کی شکایت پر نان بائیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نان بائی 15 روپے میں روٹی فروخت کررہے تھے جبکہ قیمت 12 روپے مقرر ہے۔

عدنان رشید کے مطابق مہنگی روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔

دوسری طرف شہر بھر کے تندوروں کی دکانوں کے شٹر پر سیاہ بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔

نان بائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ انتظامیہ جبری طور پر روٹی کے نرخ کم کرانا چاہتی ہے اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو تندور مالکان دیوالیہ ہوجائیں گے۔