چینی کی قیمت کم کرنےکی کوشش ہورہی ہے، حماد اظہر

October 29, 2020

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ چینی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کمی ہوگی، حکومت چینی کی قیمت کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

حماد اظہر نے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ11 مئی کو شوگر ایڈوائزری بورڈ کی میٹنگ میں شوگر ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے 3 لاکھ ٹن چینی سرپلس بتائی گئی، بتایا گیا کہ چینی کم نہیں، شاید برآمد کرنی پڑے۔

انہوں نے کہا کہ فزیکل ویری فکیشن سے پتا چلا کہ چینی اسٹاک اتنا نہیں جتنا بتایا گیا، اس کے بعد 3 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات ہوں گی۔ حکومت کو یہ کریڈٹ دیں کہ پہلی بار کارٹیل پر ہاتھ ڈالا اور قانون لے کر آئے۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی چینی کے غلط اعداد و شمار پر سبسڈی دی گئی۔