لاہور: تمام تجارتی سرگرمیاں رات 10بجے بند کردی جائیں گی

October 29, 2020

لاہور میں عالمی وباء کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد شہر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

پنجاب حکومت نے تمام تجارتی سرگرمیوں کے اوقات کارکے حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق تمام تجارتی سرگرمیاں اورادارے رات 10بجے بند کردیئے جائیں گے جبکہ میڈیکل سروسز، فارماسز، ٹائر پنکچر کی شاپس، پھلوں اور سبزیوں کی دکانیں کھلی رکھی جاسکتی ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق تندور، آٹا چکیاں، پوسٹل اور کورئیر سروسز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، اس کے علاوہ ڈرائیور ہوٹل، پیٹرول پمپس، آئل ڈپو، ایل پی جی شاپس اور فلنگ پلانٹس بھی کھلے رہیں گے۔

جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ زرعی آلات ورکشاپس، اسپیئرپارٹس شاپس، پرنٹنگ پریس بھی مسلسل کام جاری رکھ سکیں گے۔ کال سینٹرز 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کرسکتے ہیں جبکہ ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے ہوم ڈیلیوری سروسز بھی 24 گھنٹے کام کرسکیں گے۔

دوسری جانب تفریحی اور پبلک پارکس صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے، اس کے علاوہ لازمی ماسک پہنے اور سماجی فاصلہ کی ایس او پیز پر پہلے کی طرح سختی سے عمل کرنا ہوگا اور نو ماسک نو سروس کے قانون کو قائم رکھا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق تمام صنعتی ادارے اپنا کام پہلے کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق جاری رکھیں گے، فیس ماسک،ہینڈ سینیٹائزر اور گلوز کا استعمال مسلسل جاری رکھا جائے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نوٹیفیکیشن کا اطلاق فوری طور پر لاہور، ملتان اور راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے علاقائی حدود پر ہوگا۔