• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: پارکس 6، بازار 10بجے بند کرنے کا حکم

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے بازاروں اور پبلک پارکس کھلنے کے نئے اوقات جاری کردیے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے، جس کا اطلاق کل 29 اکتوبر سے تاحکم ثانی ہوگا، جس کے مطابق اسلام آباد میں تفریحی اور پبلک پارکس شام 6 بجے بند کیے جائیں گے۔

انتظامیہ کے مطابق شہر میں تمام بازار، پلازے، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور کیفے رات 10 بجے بند ہوں گے۔

ریسٹورنٹس، کیفے ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی سروسز جاری رکھ سکیں گے۔


دارالحکومت کی انتظامیہ نے شادی ہالز، سینما، تھیٹر، حجام کی دکانیں، بیوٹی پارلر بھی 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

حکم نامے کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں واقع بزنس سینٹر، اکیڈمیاں اور جمز بھی رات 10 بجے بند ہوں گے۔

انتظامیہ کے مطابق میڈیکل اسٹورز، کلینکس اور اسپتال 24 گھنٹے کھولے جاسکتے ہیں۔

حکم نامے میں پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، کریانہ اسٹورز، پبلک ٹرانسپورٹ، ٹائر پنکچر شاپس، تندور اور بیکریاں 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

تازہ ترین