ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی اور ملک کیلئے میڈل ہدف ہے، تیمور سعید

November 10, 2020

تیمور سعید قومی ایونٹ میں کامیابی کے بعد وکٹری اسٹینڈ پر

تائیکوانڈو میں پاکستان کی انٹرنیشنل سطح پرنمائندگی کرنے والے قومی چیمپئین تیمور سعید نے کہا ہے کہ ہمیشہ پاکستان کے نام کی سربلندی کیلئے میدان میں لڑا ہوں میرا ملک میری پہچان ہے حالیہ نیشنل چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیتنا میرے لئے باعث اعزاز ہے اس جیت کے بعد مجھے نیا جذبہ ملا ہے قومی مقابلوں میں شرکت کیلئے میں نے خاصی تیاری کی تھی میری کامیابی میں کوریا سے تعلق رکھنے والے میرے کوچ ماسٹرہین سانگ سو اور ندیم اصفہانی نے اہم کردار ادا کیا۔

جبکہ میری فزیکل فٹنس کوبہتر بنانے میں ٹرینرعرفان شیخ اور فیصل بٹ نے بہت محنت کی واضح رہے کہ قومی چیمپئن شپ میں پاکستان ایئرفورس کی نمائندگی کرتے ہوئے 87,کی سینیئر کیٹیگری میں طلائی تمغہ جیتنے والے تیمورسعید گذشتہ 6 سالوں سے تائیکوانڈو کے انٹرنیشنل اور نیشنل ایونٹس میں حصّہ لے رہے ہیں وہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئے الفجیرہ اوپن تائیکوانڈو چیمپئین شپ میں سلور جبکہ جارڈن میں کھیلی گئی الحسن اوپن تائیکوانڈو چیمپئین شپ میں پاکستان کیلئے برونز میڈل جیت چکے ہیں تیمور سعید نے کہا کہ میرا اگلا ہدف سائوتھ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی اورملک کیلئے میڈل کاحصول ہے جس کیلئے میں نے اپنی تیاریوں کا آغازکردیا ہے۔

تیمور سعید کامزید کہنا تھا کہ حالیہ قومی تائیکوانڈو چیمپئین شپ میں پہلی بار پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن نے انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کیمطابق استعمال ہونے والے مکمل سامان کو ملک میں متعارف کرایا ہے اور ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں نے الیکٹرونک چیسٹ گارڈ، سینسرز لگے ہینڈ گلوزاور سوکس استعمال کئے فیڈریشن کے اس اقدام سے نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل میں کھیلے جانے والے انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاریوں میں بہت مدد ملے گی ملک میں تائیکوانڈو کے کھیل کے فروغ اور ترقی کیلئے اس تاریخی اقدام پر پاکستان تائیکوانڈو فیڈرشن کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کیلئے میڈلزجیتنے والے کھلاڑیوں کی حکومتی اور پرائیوٹ اداروں کیجانب سے حوصلہ افزائی کی جائے تو مستقبل میں مزید بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں