جدہ میں پراسرار دھماکا، یونانی قونصل خانے کے اہلکار سمیت 2 افراد زخمی

November 11, 2020


سعودی عرب کے مغربی شہر جدہ کے غیر مسلم قبرستان میں پُراسرار دھماکے میں یونانی قونصل خانے کا اہلکار اور سعودی سیکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوگئے۔

مکہ مکرمہ کے گورنریٹ کے ترجمان سلطان الدوسری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جدہ کے غیرمسلم قبرستان میں ہونے والے واقعے کی نشاندہی پر سکیورٹی فورسز متحرک ہوگئی۔ بزدلانہ واقعہ فرانسیسی قونصل جنرل کی موجودگی میں منعقدہ تقریب کے دوران پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے غیرمسلم قبرستان کو گھیرے میں لیکر صورتحال پر قابو پالیا، جبکہ واقعے میں یونانی قونصل خانے کے اہلکار اور سعودی سکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

سیکیورٹی اداروں نے واقعے کی نوعیت اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

عرب میڈیا کےمطابق جدہ کا الخواجات قبرستان دو سو سے پانچ سو سال قدیم ہے، جس میں عالمی جنگوں میں شریک فوجیوں سمیت برطانوی اور پرتگالی فوجی اور گزشتہ صدیوں کے دوران ہلاک ہونے والے غیر مسلم افراد کی تدفین کی گئی تھی۔ قبرستان کی دیکھ بال اور فنڈنگ مغربی سفارتخانے کرتے آئے ہے۔