گھر کیلئے بہترین فینگ شوئی رنگ

November 13, 2020

رنگ ہمیں حیران کردینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ خوبصورت رنگوں کو دیکھ کر ہم سب کا ردِ عمل تقریباً ایک جیسا ہی ہوتا ہے۔ فینگ شوئی آپ کے ان ہی پسندیدہ رنگوں کو ایک اور سطح پر لے جاکر انھیں مقصدیت دیتا ہے۔ فینگ شوئی رنگ آپ کے گھر اور زندگی میں ہم آہنگی اور توازن پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں، ان کا انتخاب آپ کے گھر کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ آئیے فینگ شوئی رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے گھر کو ایسی جگہ بنائیں جہاں ہر وقت خوشی، اِرتعاش اور خوبصورتی رنگ بکھیرتی ہے۔

پیلا رنگ

پیلا رنگ سورج کی روشنی، خوش مزاجی او رموڈ کو اُٹھانے والا رنگ ہے، جو کسی بھی گھر اور دفتر کو زندگی بخشتا ہے۔ پیلا رنگ آپ کے کچن، لیونگ روم یا بچوں کے کمرے میں آرام دہ اور گرمجوشی سے بھرپور فینگ شوئی توانائی پیدا کرتا ہے۔ جب آپ اپنے گھر کی تزئین و آرائش کرنے کا سوچیں اور پیلے رنگ کا انتخاب کرنا چاہیں تو ’ہاٹ سن فلاور یلو‘ سے لے کر ’لائٹ بٹرفلائی یلو‘ تک آپ کے پاس کئی کلر ٹونز موجود ہیں۔

لال رنگ

لال رنگ فینگ شوئی رنگوں میں سب سے مضبوط رنگ مانا جاتا ہے۔ شوخ لال رنگ آپ کے گھر میں خوشی اور جذبہ پیدا کرتا ہے۔ لال رنگ میاں بیوی کے تعلقات میں گرمجوشی برقرار رکھتا ہے۔ اس رنگ کو چین میں خوش قسمتی اور خوشی، برصغیر میں شادی اور مغرب میں پیار، رومانس، ہمت اور حوصلے کا رنگ مانا جاتا ہے۔

سبز رنگ

سبز رنگ کو تجدیدِ نو، تازہ توانائی اور تخلیق نوکا فینگ شوئی رنگ مانا جاتاہے۔ یہ قدرت سے صحت دینے والی فینگ شوئی لہروں کو کھینچتا ہے اور انسانی طبیعت کو بہتر بناکر پورے جسم میں توازن قائم رکھتا ہے۔ جب آپ گھر میں سبز رنگ استعمال کرنے کا فیصلہ کریں تو ایک بات ذہن میں رکھیں کہ سبز رنگ کا کوئی ایک شیڈ استعمال کرنے کے بجائے اس کے مختلف شیڈز کا انتخاب کریں تاکہ آپ فینگ شوئی کے مثبت اثرات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرسکیں۔

نارنجی رنگ

نارنجی رنگ کو فینگ شوئی میں لال رنگ کا قریب ترین متبادل مانا جاتا ہے۔ اسے فینگ شوئی کا ’سوشل کلر‘کہا جاتا ہے کیونکہ یہ آپ کے گھر میں ضروری فینگ شوئی توانائی پیدا کرتا اور اچھے وقتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ اگر آپ لال رنگ سے متعلق فیصلہ نہیں کر پا رہے تو نارنجی رنگ استعمال کرنے پر ضرور غور کریں۔

سفید رنگ

سفید رنگ کو پاکیزگی اور معصومیت کا فینگ شوئی رنگ قرار دیا جاتا ہے۔ سفید وہ رنگ ہے، جس میں سارے رنگ سمائے ہوئے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ایک خالص سفید جگہ میں آکر خود کو مطمئن اور پرسکون محسوس کرتے ہیں۔

نیلا رنگ

نیلے رنگ کو فینگ شوئی میں شاندار رنگ قرار دیا گیا ہے۔ اس رنگ کے کئی دستیاب شیڈز میں سے آپ اپنے گھر کے لیے کوئی بھی رنگ منتخب کرسکتے ہیں۔ فینگ شوئی کے لحاظ سے نیلے رنگ کو گھر کے مختلف حصوں جیسے کہ مشرق(صحت)، جنوب مشرق(پیسہ) اور شمال (کیریئر) میں استعمال کرنا مفید رہتا ہے۔

سرمئی رنگ

سرمئی رنگ کوکچھ لوگ یا تو بورنگ سمجھتے ہیں یا پھر کچھ لوگوں کے لیے یہ اشرافیہ کا رنگ ہے۔ فینگ شوئی کے مطابق سرمئی رنگ جہاں بھی استعمال کیا جاتا ہے، یہ وہاں مثبت توانائی لاتا ہے۔ فینگ شوئی کے مطابق یہ رنگ اگر گھر کے مغرب (تخلیق)، شمال مغرب (مدد کرنے والے لوگ)، اور شمال (کیریئر) میں استعمال کیا جائے تو اس کے نتائج انتہائی مثبت نکلتے ہیں۔

جامنی رنگ

فینگ شوئی ماہرین جامنی رنگ کے اعتدال پسندانہ استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔ جامنی بہت اِرتعاش پذیر رنگ ہے، اس لیے اسے گھر میں آرائشی اشیا کے ساتھ استعمال کرنا بہترین رہتا ہے۔ بجائے یہ کہ دیوار پر جامنی رنگ کروائیں، اس رنگ کو تکیوں ، فن پاروں اور دیگر آرائشی چیزوں کے ساتھ استعمال کریں۔

گلابی رنگ

گلابی رنگ کو پیار کا عالمی رنگ مانا جاتا ہے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ اسے توانائی کو اعتدال میں لانے کے لیے کسی بھی جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ گلابی رنگ کی نرم لہروں کا کسی بھی فرد کی شخصیت پر مثبت اثر پڑتا ہے۔ آپ اس رنگ کو گھر میں کہیں بھی استعمال کرسکتے ہیں، چاہے وہ آپ کا بیڈ روم ہو یا پھر لانڈری روم۔

سیاہ رنگ

یہ گہرے پانی اور عالمی خلا کا رنگ ہے۔ سیاہ رنگ گہرائی، مضبوطی اور کسی بھی جگہ کو مطلب عطا کرتا ہے۔ آپ اس رنگ کو کسی بھی ایسی جگہ استعمال کرسکتے ہیں، جہاں مضبوط توانائی کو لانا مقصد ہو، جیسے آپ کے گھر کا داخلی مقام اور کچن۔ کیا فینگ شوئی کے تحت، گھر میں کسی جگہ سیاہ رنگ کے استعمال سے اجتناب برتا جاتا ہے؟ جی ہاں، یہ بہتر ہے کہ سیاہ رنگ کو بچوں کے کمرے اور بیڈ روم کی چھت میں استعمال نہ کیا جائے۔

خاکی رنگ

حالیہ برسوں میں خاکی رنگ (براؤن) فینگ شوئی کی پاپولر چوائس بن گیا ہے۔ اس رنگ میں ایک زبردست فینگ شوئی توانائی پائی جاتی ہے، جس کے ساتھ بہت ساری اچھی چیزوں کو جوڑا جاسکتا ہے، جیسے لذیز ڈارک چاکلیٹ، کافی اور لکڑی۔ فینگ شوئی کے مطابق، خاکی رنگ گھر کے مشرقی (صحت)، جنوب مشرقی (پیسہ) اور جنوبی (شہرت) حصوں کے لیے استعمال انتہائی مفید رہتا ہے۔