شنیرا نے پیمرا سے کیا مطالبہ کردیا؟

November 14, 2020

معاشرتی مسائل پر ہمیشہ اپنی آواز بُلند کرنے والی معروف سماجی کارکن شنیرا کا کہنا ہے کہ پیمرا کو سب سے پہلے جنک فوڈز کے اشتہارات پر پابندی عائد کرنی چاہیے۔

ذیابطیس کے عالمی دن کے موقع پر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’دُنیا بھر میں سب سے زیادہ ذیابطیس سے متاثرہ افراد کی فہرست میں پاکستان اس وقت چوتھے نمبر موجود ہے۔‘

شنیرا اکرم نے پیمرا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’لہٰذا اگر آپ واقعی غیر ذمہ دارانہ مواد پر پابندی عائد کرنا چاہتے ہیں تو میری تجویز ہے کہ آپ جنک فوڈ اشتہارات کے ہمارے عوام پر پڑنے والے اثرات کو دیکھنا شروع کریں اور ان کی تشہیر پر پابندی عائد کریں۔‘

سابق کرکٹر کی اہلیہ نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’جب تک کہ ہم جسمانی صحت اور اپنی غذائیت کی اہمیت کے بارے میں شعور حاصل نہیں کریں گے تب تک ہم ذیابطیس جیسے مرض کے شکار ہونے سے نہیں بچ سکیں گے۔‘

شنیرا نے مزید کہا کہ ’ذیابیطس سے لڑنے کے لیے تعلیم ہی ہمارا واحد ہتھیار ہے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دُنیا بھر میں آج ذیابطیس کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اس دن کی مناسبت سے مختلف آگاہی تقاریب اور سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔