کورونا وائرس کا شکار عامر لیاقت حسین اسپتال میں داخل

November 15, 2020

گزشتہ دنوں عالمی وباء کورونا وائرس کی دوسری لہر کا شکار ہونے والے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین طبیعت مزید بگڑنے پر اسپتال میں داخل ہوگئے۔

اس حوالے سے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی کچھ تصویریں پوسٹ کی ہیں جن میں وہ اسپتال میں بستر پر لیٹے نظر آ رہے ہیں۔


تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر لیاقت حسین کو ڈرپ اور نیبولائزر لگا ہوا ہے جبکہ وہ چہرے سے کمزور بھی دکھائی دے رہے ہیں اور تصویریں دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اُن کی کافی طبیعت ناساز ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی نے انسٹاگرام پر تصویریں شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں یہ شعر لکھے:

مرے وردِ لب ہے نبی نبی
مرا دل مقامِ حبیب ہے
میں مریضِ عشقِ رسول ہوں
وہ حبیب میرا طبیب ہے !!

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ہاتھ جوڑ کر دعاؤں کی گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں کورونا سے لڑ نہیں رہا ہوں بلکہ پناہ مانگ رہا ہوں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عامر لیاقت حسین نے ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ وہ اور اُن کی اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کورونا وائرس کی زد میں آگئے ہیں۔

اپنے بیان میں عامر لیاقت حسین نے قرآن پاک کی آیت بھی لکھی تھی اور اپنے چاہنے والوں کو بتایا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے لیے ادرک، لہسن، کلونجی، لونگ اور دارچینی کا استعمال کر رہے ہیں جس سے اُن کی صحت پر اچھے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 56 ہزار 904 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار 141 تک جا پہنچی ہے۔