موٹروے پولیس نے شاہراہوں کو محفوظ بنانا ہے، مُراد سعید

November 20, 2020

وفاقی وزیر مراد سعید کہتے ہیں کہ موٹروے پولیس نے شاہراہوں کو محفوظ اور لوگوں کی مدد کو یقینی بنانا ہے۔

آج شیخوپورہ میں موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں پیٹرول آفیسرز کی دسویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں وفاقی وزیر مُراد سعید نے آئی جی کلیم امام کے ساتھ موٹروے پولیس شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے۔

اس موقع پر مراد سعید کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت بننے والی شاہراہوں پر موٹروے پولیس کو اہم ذمہ داریاں نبھانی ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ میرٹ پر بھرتی ہونے والے افراد کی بہترین تربیت ہوئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے قومی شاہراہوں پر قانون کی بالادستی قائم کرنی ہے۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ موٹروے پولیس میں مزید بھرتیاں کی جائیں گی اور موٹروے پولیس کو تمام وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔